والدکے خلاف تحقیقات کرکے ہراساں کیا جا رہا ہے، ایوانکا ٹرمپ

تفتیش کروانے والے اچھی طرح جانتے ہیں جن الزامات پر تحقیقات جاری ہیں ان میں کوئی سچائی نہیں،بیان

ہفتہ 21 نومبر 2020 16:24

والدکے خلاف تحقیقات کرکے ہراساں کیا جا رہا ہے، ایوانکا ٹرمپ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) رواں ماہ 3 نومبر کے امریکی صدارتی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ نے والد اور اپنے خلاف ہونے والی تحقیقات کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی نے والد کے خلاف تحقیقات کو مکمل طور پر سیاسی قرار دیا۔

ایوانکا ٹرمپ نے دعوی کیا کہ دونوں تحقیقات 100 ڈیموکریٹکس کی جانب سے کروائی جا رہی ہیں اور ان تحقیقات کے ذریعے ان کے خاندان کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ایوانکا ٹرمپ نے واضح کیا کہ مذکورہ تفتیش کروانے والے اچھی طرح جانتے ہیں کہ جن الزامات کی بنا پر تحقیقات کی جا رہی ہیں، ان میں کوئی سچائی نہیں ہے، ہم نے کسی طرح کا کوئی ٹیکس فائدہ نہیں اٹھایا۔

(جاری ہے)

ایوانکا ٹرمپ نے لکھا کہ مذکورہ تحقیقات 100 فیصد سیاسی اور بے بنیاد ہیں۔ایوانکا ٹرمپ نے امریکی اخبار کی جس رپورٹ کا لنک شیئر کیا، اس میں دعوی کیا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف نیویارک کے پراسیکیوٹرز نے دو تحقیقات کو تیز کردیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مذکورہ تحقیقات 2019 میں ہی شروع کی گئی تھیں اور دونوں تحقیقات ٹیکس چوری، فراڈ اور غلط بیانی کے حوالے سے ہیں، جن میں سے ایک فوجداری جب کہ دوسری سول تفتیش ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں میں سے ایک تفتیش ڈونلڈ ٹرمپ پر ریپ اور جنسی تعلقات کے الزامات لگانے والی فحش اداکار اسٹارمے ڈینائل کو خاموش رہنے کے لیے پیسے دینے کے حوالے سے ہے اور مذکورہ تفتیش کرمنل ہے۔جب کہ دوسری تفتیش ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل کی جانب سے دیے گئے بیان کے تناظر میں کی جا رہی ہے، جس میں ٹرمپ کے وکیل نے بتایا تھا کہ انہوں نے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں سے ٹرمپ آرگنائیزیشن کے لیے بھاری قرضے حاصل کرنے کے لیے اپنی دولت کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔