حکومت کی پالیسیوں سے عوا م مایوس ہوچکے ہیں،حکومت کی ناقص کارکردگی سے ایک کے بعد دوسرا بحران کھڑا ہورہاہے،سردارمہتاب خان

ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران اپوزیشن کے خلاف انتقامی اقدامات کے بجائے ملک کے سنگین بحرانوں کو حل کرنے پر توجہ دے،مسلم لیگی رہنما ویوسی چیئرمین

ہفتہ 21 نومبر 2020 17:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما ویوسی 41اسلام آبادسے چیئرمین سردار مہتاب احمد خان نے کہاہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں سے عوام اب سخت نالاں ہیں ملک کے عوام کی نظریں اب پاکستان مسلم لیگ(ن)پر لگی ہوئی ہیں،آنے والا وقت پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ہے، موجودہ حکومت نے اپنی غلط پالیسیوں کے باعث لوگوں کا کاروبارمفلوج کرکے رکھ دیاہے،مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں عوام دووقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں جبکہ ہمارے ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران زبانی جمع خرچ کرکے عوام کو لولی پاپ دینے میں مصروف ہیں۔

مسلم لیگی رہنماسردار مہتاب احمد خان نے مزید کہاکہ عمران احمد نیازی کو بتاناہوگا کہ جو پالیسیاں وہ عوام اور تاجروں کو دے رہے ہیں کیا یہ پی ٹی آئی کے منشور میں شامل تھیں،گندم کی شارٹ فال تیس لاکھ ٹن ،آٹا مزید مہنگاہونے کاخدشہ پیداہوگیا ہے،نئے پاکستان میں حکومتی نااہلی کی بدولت معاشی بحران اور بے روزگاری کے سابقہ ریکارڈ توٹ چکے ہیں،ہائے مار گئی مہنگائی کی دہائی ہر طرف گونج رہی ہے،جب کہ بے لگام مہنگائی اپنے عروج پر ہے ،حکومت کی پالیسیوں سے عوام بے زار اور مایوس ہوچکے ہیں،ملکی پیداوار مارکیٹ میں آنے میں چھ ماہ باقی حکومت کے بہتری کے دعوے جھوٹے نکلے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) گندم بحران پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتی ہے ،تبدیلی سرکار کی ناقص کارکردگی سے ایک کے بعد دوسرا بحران کھڑاہورہاہے،ماضی کے منافع بخش ادارے اب قومی خزانے پر بوجھ بن گئے ہیں،ہر ادارے میں کرپشن اور بددیانتی کی لمبی داستانیں سنائی دیتی ہیں،نااہل اور نالائق حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپوزیشن کے خلاف انتقامی اقدامات کے بجائے ملک کے سنگی بحرانوں کو حل کرنے پر توجہ دے۔