زراعت و لائیو سٹاک کا شعبہ ہمارے ملک کی معیشت میںبنیادی حیثیت کا حامل شعبہ ہے ،محب اللہ خان

ہفتہ 21 نومبر 2020 19:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ زراعت و لائیو سٹاک کا شعبہ ہمارے ملک کی معیشت میںبنیادی حیثیت کا حامل شعبہ ہے ، یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اس شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور جس تبدیلی کا وعدہ پاکستان تحریک انصاف نے قوم سے کیا تھا وہ تبدیلی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں میں عوام کو خود ہی نظر آ جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کے ایگریکلچر ایمر جنسی پروگرام کے تحت لاچی کوہاٹ میں بارانی پانی کو ذخیرہ کرنے کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اسرار ، ڈی جی سائل کنزرویشن یاسین خان وزیر ،ڈی جی لائیو سٹاک ایکسٹنشن ڈاکٹر عالم زیب مہمند ، ڈی جی فشریز ڈاکٹر خسرو کلیم ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک مرج ایریا ڈاکٹر سجاد وزیر ، ڈائریکٹر سائل کنزرویشن کوہاٹ محمد طیب خان سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے ساتھ ساتھ ماہی پروری کے فروغ ، مال مویشی اور گھریلو ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔اس منصوبے سے جہاں فصلات کی پیداوار میں اضافہ ہو گا تو دوسری طرف زیر زمین پانی کی سطح بھی بلند ہو گی اور زمینداروں سمیت مویشی پال لوگوں کو پہلے سے زیادہ سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں زراعت و لائیو سٹاک کے شعبے میں جدید منصوبے شروع کئے جارہے ہیں تاکہ معیشت مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیداکئے جا سکیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ زراعت و لائیو سٹاک پر حکومت اپنے پانچ سالہ دور کے اندر 85ارب روپے کی لاگت سے مختلف منصوبے مکمل کرے گی اور انشاء اللہ ان منصوبوں کے مکمل ہو نے سے ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔