ڈی آئی جی آپریشنز کاعلامہ خادم حسین رضوی کے جنازہ کے موقع پر سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

ہفتہ 21 نومبر 2020 21:47

ڈی آئی جی آپریشنز کاعلامہ خادم حسین رضوی کے جنازہ کے موقع پر سکیورٹی ..
لاہور۔21نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21نومبر2020ء) :علامہ خادم حسین رضوی( مرحوم) کے نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پرلاہور پولیس کی جانب سے داخلی و خارجی راستوں سمیت شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے ۔ڈی آئی جی آپریشنزاشفاق خان سمیت پولیس کے اعلی افسران فیلڈ میں سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیتے رہے۔

ڈی آئی جی آپریشنزاشفاق خان نے مرحوم علامہ خادم حسین رضوی کی رہائش گاہ، یتیم خانہ چوک، چوبرجی کچہری چوک، گریٹر اقبال پارک سمیت شہر کے مختلف مقامات پر کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران و جوانوں کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نماز جنازہ اور تدفین کے لئے آنے والے شرکاءکو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے 3ایس پیز ،14ڈی ایس پیز ،31ایس ایچ اوز،116 اَپر سب آرڈینیٹس اور890پولیس اہلکارتعینات رہے۔

(جاری ہے)

ہر فرد کو چیک کے بعدہی نمازجنازہ میں شرکت کی اجازت دی گئی۔ڈولفن سکواڈ اورپی آر اوٹیموں نے جنازے کے روٹ،گریٹر اقبال پارک اور اس کے گرد و نواح میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائی ۔روٹ کی بلند عمارتوں پر سنائپرز بھی تعینات رہے ۔ پولیس کے سادہ لباس میں بھی جوان بھی ڈیوٹی پر مامور رہے ۔ امن و امان کے قیام اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے رات بھر شہرکے مختلف مقامات پر بھرپور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی کئے گئے۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کی فول پروف سکیورٹی انتظامات پرلاہورپولیس کو شاباش دی ۔اشفاق خان نے کہا کہ شہر کے اہم ترین ایونٹس کو بھرپور تحفظ فراہم کرنے میں پولیس افسران و جوانوں کا کلیدی کردار ہے۔