بلدیاتی نظام کی ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے نظام میں بہتری و اصلاحات لانے کی ضرورت ہے،مولانا قاری مہراللہ

حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابا ت کااعلان کیا جائے عوامی مفاد میں بلدیاتی نظام مزید بہتر بنایا جائے، امیر جے یو آئی نظریاتی کوئٹہ

ہفتہ 21 نومبر 2020 22:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) جمعیت علماء اسلام نظریاتی ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا قاری مہراللہ نے کہا کہ بلدیاتی نظام کی ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے نظام میں بہتری و اصلاحات لانے کی ضرورت ہے اور حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابا ت کااعلان کیا جائے عوامی مفاد میں بلدیاتی نظام مزید بہتر بنایا جائے۔اصلاحات کے ذریعے بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی و علاقائی تعمیر وترقی کے لیے منظم و موثر بلدیاتی نظام ناگزیر ہوچکا ہے بلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات کے نچلی سطح پر منتقلی سے مقامی سطح پر انقلاب لایا جا سکتا ہے انفراسٹرکچر سڑکوں بنیادی صحت کی فراہمی سے لیکر فنڈز کی منصفانہ تقسیم ہنگامی حالات کی منصوبہ بندی جیسے اقدامات موثر انداز میں انجام دئیے جا سکتے ہیں انہوں نے کہافعال بلدیاتی نظام ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بلدیاتی نظام سے نہ صرف اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہو نگے بلکہ اس سے ترقیاتی کاموں کی بہتر مانیٹرنگ ہو سکے گی اور فنڈز علاقے کو ضرورت کے مطابق خرچ ہونگے بلدیاتی نظام کے توسط سے عوام کی تمام تر بنیادی و عوامی اور ضروری و اجتماعی مسائل نہ صرف حل کئے جاتے ہیں۔ بلکہ انہیں بنیادی سہولیات عوامی امنگوں کے مطابق فراہم کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک بہتر اور یکساں بلدیاتی نظام لا کر نافذ کیا جائے تاکہ تمام صوبوں کے عوام یکساں طور پر اس کی افادیت سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام انقلابی اقدام ہے اور صوبے میں مقامی سطح پر گورننس کا نظام یکسر بدل جائے گا۔لوگوں کو بہترین گورننس فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہوناچاہیے اوربلدیاتی اداروں کو اختیارات دیے کر انہیں مزید مستحکم اور بااختیار بنائے تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل ہوسکیں۔