شارجہ میں ایکسپائرڈ لائسنس ہولڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہو گیا

پولیس کے آپریشن کے دوران ایکسپائرڈ رجسٹریشن والی گاڑیاں بھی ضبط کی جا رہی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 24 نومبر 2020 17:08

شارجہ میں ایکسپائرڈ لائسنس ہولڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہو گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،24 نومبر2020ء ) شارجہ پولیس نے ایکسپائرڈ ڈرائیونگ لائسنس ہولڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ، جو لائسنس کی تجدید کروائے بغیر گاڑیاں چلانے کے مرتکب پائے گئے۔ اسی طرح ایکسپائرڈ رجسٹریشن والی گاڑیوں اور ٹرکوں پر 400 درہم کا جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے اور تین ماہ سے زائد کی ایکسپائریشن پر گاڑیاں ضبط کی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ کریک ڈاؤن (Renew your vehicle's registration) مہم کے تحت کیا جا رہا ہے۔اس مہم سے قبل لوگوں کوگاڑیوں اور لائسنس کی رجسٹریشن کی تجدید کروانے کے لیے آگاہی مہم چلائی گئی تھی جس کی مُدت ختم ہونے پر اب خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ شارجہ ٹریفک پٹرولز کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل عمر بن غنیم نے بتایا کہ بہت سے لوگ اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی مُدت ختم ہونے کے بعد بھی یہ گاڑیاں چلا رہے ہیں اور ان کی مُدت میں تجدید بھی نہیں کروا رہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے ایسی گاڑیوں کو ضبط کیا جا رہا ہے اور جن گاڑیوں کی رجسٹریشن ایکسپائر ہوئے تین ماہ گزر چکے ہیں، انہیں ضبط کیاجا رہا ہے۔ اس کریک ڈاؤن کا مقصد ڈرائیورز اور مسافروں کی زندگیوں کا تحفظ ہے کیونکہ ایکسپائرڈ رجسٹریشن والی گاڑیوں کی تازہ ترین چیکنگ نہ ہونے کے باعث ان میں موجود خرابی کا پتا نہیں چل پاتا، جس کے باعث کسی سنگین حادثے کے امکان بڑھ جاتے ہیں۔ شارجہ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تجدید کے وقت ان کی تفصیلی چیکنگ کی جاتی ہے۔ آگاہی مہم کے دوران ٹرک ڈرائیورز کومفت ریفلیکٹو سٹیکرزفراہم کیے گئے تھے۔ گاڑی مالکان کوچار سو درہم کے جرمانوں سے بچنے کے لیے فوری طورپررجسٹریشن کو ری نیو کروا لینا چاہیے۔