پی ڈی ایم کا اسپیکرقومی اسمبلی کی کمیٹی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

قومی اسمبلی کے اسپیکر غیر جانبدار نہیں ہیں جس کی وجہ سے اسد قیصر بطور اسپیکر اپنا اعتماد کھو چکے ہیں ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 نومبر 2020 19:38

پی ڈی ایم کا اسپیکرقومی اسمبلی کی کمیٹی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام اباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی طرف سے پارلیمانی پارٹیز کی کمیٹی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ اسپیکرقومی اسمبلی کواس کمیٹی کی تشکیل کا کوئی اختیارنہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما نے الزام عائد کیا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر غیر جانبدار نہیں ہیں جس کی وجہ سے اسد قیصر بطور اسپیکر اپنا اعتماد کھو چکے ہیں ، جس کی بناء پر پی ڈی ایم نے اسپیکرقومی اسمبلی کی کمیٹی میں شرکت نہ کرنےکافیصلہ کیاہے۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ حکومت کی عالمی وباء کورونا سے نمٹنے کی کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آئی ، اگر حکومت کے پاس کورونا کی کوئی پالیسی ہےتو اسے قومی اسمبلی کے اجلاس میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 11 نومبر کو بلائے گئے پارلیمانی پارٹیز کے اجلاس میں بھی شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، اس حوالے سے پی ڈی ایم کے سیکریٹری اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں نے پارلیمانی پارٹیز کے اجلاس میں شریک نہ کرنے کا فیصلہ کیا ، صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن نے اتحاد کی تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ، کیوں کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر قانون اور پارلیمانی روایات کے مطابق قومی اسمبلی چلانے میں ناکام ہوچکے ہیں ، اسپیکر قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی آواز مسلسل دبا رہے ہیں اور عوام کو درپیش مسائل کو قومی اسمبلی میں اٹھانے پر قدغن لگائی جارہی ہیں ، ان حالات میں کوئی بامعنی بات چیت نہیں ہوسکتی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی اور پاکستان کے عوام کے مسائل پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ہر محاذ پر حکومتی ناکامی قومی سکیورٹی کے لیے حقیقی خطرہ بن چکی ہے۔