سعودی عرب کے شاہ خالد ایئرپورٹ سے سونے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام ہو گئی

دو مسافروں کے سامان سے 609 گرام سونا برآمد ہونے پر انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 نومبر 2020 17:54

سعودی عرب کے شاہ خالد ایئرپورٹ سے سونے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،26 نومبر2020ء ) سعودی عرب سے بیرون ملک سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے اور اس مجرمانہ سرگرمی میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سعودی کسٹمز کے مطابق ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دو مسافر بیرون ملک روانہ ہو رہے تھے جن کے پاس بڑی مقدار میں سونا موجود تھا۔ تاہم شک پڑنے پر ان کے سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی تو بڑی مہارت سے چھپایا گیا یہ سونا برآمدہو گیا۔

کسٹمز حکام کے مطابق ان دو افراد کو اسٹیٹ سیکیورٹی سروس کے تعاون سے ہوائی اڈے کے ٹرمینل میں گرفتار کیا گیا۔
ان کے قبضے سے 609 گرام سونا برآمد ہونے پر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی بحری افواج نے چند روز قبل درجنوں من چرس کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی جس کی مالیت 80 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی بحریہ کے مطابق یہ بحری کارروائی کے دوران پکڑی جانے والی منشیات کی بڑی مقداروں میں سے ایک ہے۔ سعودی سپیشل فورس کے کمانڈر سلیمان الفقیہ نے بتایا کہ سعودی عرب کی سمندری حدود سے ایک بحری جہاز گزر رہا تھا جسے روک کر اس کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے 1579 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جس کی مالیت 80 لاکھ امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے۔بحری جہاز کو روکنے اور تلاشی لینے کا یہ آپریشن ایک فرانسیسی جنگی جہاز کے ذریعے انجام دیا گیا ۔

منشیات کی اتنی بڑی مقدار پکڑے جانے کی اس شاندار کارروائی پر جنگی جہاز کے کمانڈر کو آپریشن کی مبارک باد دی گئی ہے۔ جبکہ چند روز قبل بھی سعود ی بحریہ گہرے سمندر میں سمگلنگ کی کئی سرگرمیوں کو ناکام بنا چکی ہے۔ گزشتہ ماہ سعودی عرب میں بحری تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی مقدار پکڑی گئی تھی جب شاہی بحریہ نے 100 ملین ڈالر کی کرسٹل میتھ ضبط کر لی۔ بحق سرکار ضبط کی جانے والی نشہ آور کرسٹل میتھ(میتھا فیٹامین) کا وزن 450 کلو گرام سے زیادہ بتایا جاتا ہے-بحریہ فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر سلیمان الفقیہ نے بتایا کہ اس آپریشن میں مونٹروز جہاز بھی شامل ہوئے۔فورس کے ڈپٹی کمانڈر دین باسیت نے بتایا کہ اس آپریشن میں کئی ٹیموں نے حصہ لیا-