آج سعودی عرب میں موسلادھار بارش ہوگی، ژالہ باری کا بھی امکان ہے

مکہ مکرمہ، جازان، عسیر اور باحہ میں بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 28 نومبر 2020 13:21

آج سعودی عرب میں موسلادھار بارش ہوگی، ژالہ باری کا بھی امکان ہے
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،28 نومبر2020ء) سعودی عرب میں کئی ماہ کی شدید اور جھلسا دینے والی گرمی کے بعد اب موسم انتہائی سرد اور خوشگوار ہوتا چلا جا رہا ہے۔ خصوصاً گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بارش نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے کئی علاقوں میں سردی آچکی ہے۔ اگلے چند روز میں کئی علاقوں میں درجہ حرارت5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔

مملکت میں باقاعدہ موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے۔ کئی علاقوں میں لوگوں نے گرم کپڑے نکال لیے ہیں۔سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج مکہ مکرمہ ریجن ، جازان، عسیر اور باحہ ، قصیم، حائل، تبوک اور شمالی ریجن سمیت متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے قبل گرد کا طوفان اُٹھے گا جس سے حدِ نگاہ محدود ہو جائے گی۔

خصوصاً ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔بحر احمد سے شمال مغرب کی جانب ہوائیں چلنے سے مملکت بھر میں موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ سب سے کم درجہ حرارت القریات میں 9 سینٹی گریڈ ہو گا جبکہ جازان میں 33 سینٹی گریڈ کے ساتھ سب سے زیادہ گرمی پڑے گی۔ طائف اور میسان میں آج دوپہر تک دُھند چھائی رہے گی۔ آج طائف میں کئی گھنٹوں کی مسلسل بارش کے باعث بند رہنے والی الہدار روڈ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے جسے بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔

ریاض اور آس پاس کے علاقوں میں بھی درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔واضح رہے کہ تبوک اور شمالی لوگوں کے مکینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرم ملبوسات نکال لیں تاکہ سردی سے بچاؤ ہو سکے۔ اگلے چند روز میں مزید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔ کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔