وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی ضلع خانیوال میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا

ہفتہ 28 نومبر 2020 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی اور ڈپٹی کمشنر خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی نے ضلع خانیوال میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر اور ڈپٹی کمشنر نے خانہ بدوشوں کی بستی میں بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ماریہ ممتاز سمیت دیگر محکمہ صحت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز 30 نومبر سے ہوگا ضلع خانیوال میں انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ لاکھ 52 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔صوبائی وزیر سید حسین جہانیاں گردیزی نے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ پولیو مہم کے دوران مقررہ اہداف کو سو فیصد یقینی بنائیں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ مہم کے دوران کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے والی ٹیموں کی ضلعی اور تحصیل لیول پر سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور کوتاہی کے مرتکب محکمہ صحت کے افسران و ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔قبل ازیں صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا ڈپٹی کمشنر آفس خانیوال میں اجلاس منعقد ہوا۔

ڈپٹی کمشنر ظہیر عباس شیرازی،ڈی پی او محمد علی وسیم،اراکین صوبائی اسمبلی نشاط احمد خان ڈاہا اور فیصل اکرم نیازی کے علاوہ وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی فخر امام،ایم پی ایز خاور شاہ اور حامد یار ہراج کے نمائندوں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔صوبائی وزیر زراعت کو تعمیراتی محکموں کے سربراہان کی سالانہ ترقیاتی پروگرام سمیت دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار کے بارے میں بریفنگ دی۔

سید حسین جہانیاں گردیزی نے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا منتخب نمائندوں سے جلد افتتاح کرانے اور جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور اچھی کوالٹی کا میٹریل استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس میں ضلع خانیوال میں امن و امان،کورونا اور ڈینگی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔انھوں نے ہدایت کی کہ مکمل ہونے والے تعلیمی اداروں کی ترقیاتی سکیموں میں سٹاف کی تعیناتی کا عمل جلد از جلد شروع کیا جائے۔صوبائی وزیر زراعت نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ضلع خانیوال کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔