صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات نے جامشورو میں سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایس ڈی ای) نادرا سے منسلک ون ونڈو ڈیجیٹل سینٹر کا افتتاح کردیا

ایس ڈی اے میں جن لوگوں نے سرمایہ لگایا ہے ان کو سہولتیں فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اس سلسلے میںشفافیت کیلئے ایس ڈی اے کو نادرا سے منسلک کیا گیا ہے، سیدناصرشاہ

ہفتہ نومبر 21:01

صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات نے جامشورو میں سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ہفتے کو جامشورو میں سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایس ڈی ای) نادرا سے منسلک ون ونڈو ڈیجیٹل سینٹر کا افتتاح کیا، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ون ونڈو سینٹر کے قیام سے ایس ڈی اے کے الاٹیز کو ایک چھت کے نیچے تمام سہولتیں میسر ہو سکیں گی، انہوں نے کہا کہ نادرا سے منسلک ون ونڈو سسٹم کے ذریعے پلاٹوں کی ویریفکیشن میں آسانی ہوگی اور سندھ میں یہ پہلی اتھارٹی ہے جسے نادرا سے جوڑا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت اب الاٹیز کے پلاٹس محفوظ ہو جائیں گے اور پلاٹ کی خرید و فروخت کا نظام بھی شفاف طریقے سے ہو سکے گا جبکہ پلاٹوں کی منتقلی بائیو میٹرک تصدیق ، کمپیوٹرائیزڈ شناختی کارڈ ، تھمب امپریشن اور فوتی ویریفکیشن کے علاوہ ممکن نہ ہو سکے گی، انہوں نے کہا کہ سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نا منظور کی گئی غیر قانونی اسکیموں کے خلاف کاروائی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے تحت عوام کی خدمت کررہے ہیں، ایس ڈی اے میں جن لوگوں نے سرمایہ لگایا ہے ان کو سہولتیں فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اس سلسلے میںشفافیت کیلئے ایس ڈی اے کو نادرا سے منسلک کیا گیا ہے، اب الاٹیز کی تمام شکایات دور ہو جائیں گی، نادرا کی سروسز کو ملک و بیرون ملک سراہا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور منتقلی میں تمام حائل رکاوٹیں ختم ہوجائیں گی اورالاٹمنٹ اور منتقلی میں تاخیر اور دو نمبری برداشت نہیں کی جائے گی، صوبائی وزیر نے بتایا کہ ایس ڈی اے میں عالمی معیار کا تفریحی پارک بنانے کیلئے 180 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے اور اس ضمن میںنامور ملکی و عالمی کمپنیوں کو صورتحال بہتر کرنے کیلئے کہا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مسائل حل کرکے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم تعلیم، صحت، روزگار کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔