بین الصوبائی انڈر16اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2020ء پشاور ،سپورٹس بورڈ پنجاب نے جیت لی

بوائز 120جبکہ گرلز 80پوائنٹس لے کر سرفہرست رہے،بوائز میں خیبر پختونخوا 87پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بلوچستان77پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پررہا ؁پنجاب کی گرلز نے 80پوائنٹس لیکر پہلی، خیبر پختونخوا نے 60پوائنٹس لے کر دوسری جبکہ سندھ نے 44پوائنٹس لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی - پنجاب کے اتھلیٹس نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ پاکستان کے بہترین اتھلیٹس ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی اتھلٹیس کو مبارکباد

پیر 30 نومبر 2020 20:25

بین الصوبائی انڈر16اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2020ء پشاور ،سپورٹس بورڈ پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2020ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی بوائز اور گرلز اتھلیٹکس ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور میں ہونیوالی بین الصوبائی انڈر16اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2020ء جیت لی،بوائز 120جبکہ گرلز 80پوائنٹس لے کر سرفہرست رہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے اتھلیٹس نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے پاکستان کے کھلاڑیوں سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے، تفصیلات کے مطابق 28نومبر کو پشاور میں شروع ہونیوالی بین الصوبائی انڈر16اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2020ء میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے بوائز اور گرلز اتھلیٹس نے میدان مار لیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے دستے کی قیادت ڈائریکٹرسپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے کی جبکہ ٹیم مینجر کے فرائض کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک نے سرانجام دیئے، بوائز اتھلیٹس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام صوبوں سے سب سے زیادہ 120پوائنٹس حاصل کرکے فتح اپنے نام کی، خیبر پختونخوا 87پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ بلوچستان 77پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، سندھ نے 21، آزاد جموں و کشمیر نے 19اور اسلام آباد نے 2پوائنٹس حاصل کئے، گرلز میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی اتھلیٹس نے 80پوائنٹس لے کر چیمپئن شپ جیت لی، خیبر پختونخوا نے 60پوائنٹس لے کر دوسری جبکہ سندھ نے 44پوائنٹس لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، آزاد جموں و کشمیر نے 22پوائنٹس لئے، بلوچستان اور اسلام آباد کی ٹیموں نے حصہ نہیں لیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اتھلیٹس کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب کے اتھلیٹس نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ پاکستان کے بہترین اتھلیٹس ہیں، تمام اتھلیٹس نے ٹیم سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا اور کامیابی سمیٹی، انہوں نے مزید کہا کہ بین الصوبائی انڈر 16اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2020ء کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے اتھلیٹس کو بہترین سہولیات فراہم کیں، اتھلیٹس کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا اور بہترین اتھلیٹس منتخب کئے گئے، ان کو تربیتی کیمپ میں جدید اور اعلی معیار کی سہولیات بھی فراہم کیں جس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی، اتھلیٹس کو ماہر کوچز نے تربیتی کیمپ میں تربیت دی جس سے کامیابی نے ان کے قدم چومے ہیں۔