دورہ پاکستان،پی سی بی کو جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ سے مثبت جواب کی امید

جنوبی افریقی بورڈ کی جانب سے باضابطہ گرین سگنل کے بعد پی سی بی سیریز کے شیڈول کا اعلان کریگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 دسمبر 2020 14:23

دورہ پاکستان،پی سی بی کو جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ سے مثبت جواب کی امید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم دسمبر 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے پروٹیز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور پی سی بی مہمان بورڈ سے مثبت جواب کے لیے پرامید ہے۔ ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے 4 رکنی سکیورٹی وفد نے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کرکے راولپنڈی ،کراچی اور لاہور میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا جس کے بعد جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سائوتھ افریقہ سے رابطہ کیا ہے اور پی سی بی اگلے 10 دن میں پروٹیز کرکٹ بورڈ کے مثبت جواب کے لیے پرامید ہے، جنوبی افریقی بورڈ کی جانب سے باضابطہ گرین سگنل کے بعد پی سی بی سیریز کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔

(جاری ہے)

پی سی بی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم نے آئندہ برس جنوری میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور دورہ کے دوران دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلےجائیں گے،پی سی بی اور جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے درمیان اس سیریز کے شیڈول کے حوالے سے بات چیت مکمل ہوچکی ہے، دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ میچز کراچی اور لاہور جب کہ ٹی ٹونٹی میچز راولپنڈی میں متوقع ہیں۔