شاہد آفریدی محمد عامر کے حق میں آگئے

منگل 1 دسمبر 2020 15:20

شاہد آفریدی محمد عامر کے حق میں آگئے
کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء)سابق پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کے حق میں سامنے آگئے۔ لنکا پریمیر لیگ (ایل پی ایل) میں کینڈی ٹسکرز کے افغانی فاسٹ بولر نوین الحق اور گال گلیڈ ایئٹرز کے محمد عامر کے درمیان میچ کے دوران تلخ کلامی ہوئی۔میچ کے بعد شاہد آفریدی نے افغانی بولر نوین الحق پر اپنے غصے کا اظہار کیا اور بوم بوم نے نوین الحق کو آنکھیں دکھاتے ہوئے پوچھا کہ معاملہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

میچ میں محمد عامر جب بیٹنگ کرنے آئے تو انہوں نے پہلی ہی گیند پر کینڈی ٹسکرز کے نوین الحق کو اٹھا کر چوکا لگادیا جس پر نوین الحق نے محمد عامر کو کچھ کہا، تاہم اوور کے بعد بھی دونوں کے درمیان تخلق کلامی ہوئی لیکن ساتھی پلیئرز اور امپائر نے معاملہ ختم کروایا۔نوین الحق جب اگلا اوور کروانے آئے تو عامر نے پہلی ہی گیند پر زور دار چھکا رسید کردیا جبکہ دونوں کے درمیان اس آخری اوور میں بھی تو تو میں میں ہوتی رہی۔میچ ختم ہونے کے بعد یہ لفظی جنگ جاری رہی تاہم جب میچ کے بعد گال گلیڈی ایئٹرز کے کپتان شاہد آفریدی کینڈی ٹسکرز کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے آئے تو انہوں نے نوین الحق کو آنکھیں دکھائیں پھر کہیں جا کر معاملہ ختم ہوا۔