آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی نیب طلب

گل اصغر اور نور اصغر کا مولانافضل الرحمان کے ساتھ قریبی تعلق بتایا جاتا ہے ، 10 دسمبر کو نیب آفس میں پیش ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 دسمبر 2020 16:06

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی نیب طلب
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔01 دسمبر2020ء) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف قومی احتساب بیورو کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ، نیب نے قریبی ساتھیوں کو طلب کرلیا۔اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ خبیرپختونخوا نیب کی طرف سے طلب کیے گئے گل اصغر اور نور اصغر 10 دسمبر کو نیب آفس میں پیش ہوں گے ، ان دونوں افراد کا مولانافضل الرحمان کے ساتھ قریبی تعلق بتایا جاتا ہے ، جس کی بناء پر گل اصغر اور نور اصغر کو آمدن سے زائد اثاثہ جات ، کرپشن اور کرپٹ پریکٹس کے الزام پر طلب کرلیا گیا ، دونوں افراد کو 10دسمبر صبح 11 بجے طلب کیا گیا جہاں نیب کی مشترکہ انویسٹی گشن ٹیم ان سے مختلف سوالات کرے گی۔

یاد رہے کہ چیئرمین نیب نے مولانا فضل الرحمان اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف بدعنوانی کیسز کی انکوائری کی منظوری دی تھی ، اجلاس میں بلین ٹری سونامی کیس کیخلاف جاری تحقیقات کا بھی جائزہ لیا گیا، بدعنوانی کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ، اعلامیہ نیب کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف کیسز کی انکوائریوں اور ریفرنسزدائر کرنے سمیت جاری کیسز کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں تمام انکوائریوں کو شفاف انداز اور میرٹ پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ، اجلاس میں بلین ٹری سونامی کیس میں نوابزادہ محمود زید اور دیگر کیخلاف جاری تحقیقات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کی منظوری دی گئی اسی سلسلے میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف قومی احتساب بیورو کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ، جہاں نیب نے ان کے قریبی ساتھیوں کو طلب کرلیاہے۔