جوبائیڈن کو خفیہ اداروں کی بریفنگ شروع

خفیہ ادارے اقتدار کی منتقلی کے دوران نو منتخب صدر کو حالات سے آگاہ رکھتے ہیں

منگل 1 دسمبر 2020 20:23

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2020ء) نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو قومی سلامتی کے معاملات پر روزانہ بریفنگ کا آغاز ہو گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن کو خفیہ اداروں نے بریفنگ دینا شروع کر دی ہے، خفیہ ادارے اقتدار کی منتقلی کے دوران نو منتخب صدر کو حالات سے آگاہ رکھتے ہیں۔ادھر ریاست ایریزونا نے بھی جوبائیڈن کے حق میں فیصلہ کر دیا ہے، گورنر نے بھی تصدیق کر دی، ایریزونا کے ری پبلکن گورنر ڈگ ڈوسی نے بھی انتخابات کو شفاف قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

وسکونسن اور ایریزونا ریاستوں کی جانب سے بائیڈن کی جیت کی تصدیق ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک اور دھچکا ہے۔ انھوں نے 6 ریاستوں کو اپنے نتائج کی تصدیق سے روکنے کی کوشش کی تھی لیکن سب میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔دوسری طرف امریکی صدر ٹرمپ بدستور 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج سے لڑ رہے ہیں، وہ ان نتائج کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں جس میں انھیں زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اس بار انھوں نے ایک ٹویٹ میں گورنر ایریزونا کو تنقید کا نشانہ بنایا، انھوں نے لکھا ایریزونا کے ریپبلکن گورنر ڈگ ڈوسی کو کیا ہوگیا ہی ووٹر فراڈ کے مقدمات کی سماعت کے دوران الیکشن کی تصدیق کر دی گئی۔