امریکا کے50سال بعد چین نے بھی چاند پر جھنڈا لہرادیا

خصوصی میٹریل سے بنے سے چینی جھنڈا 2 میٹر چوڑا اور 90 سینٹی میٹر لمبا ہے.چینی حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 5 دسمبر 2020 13:55

امریکا کے50سال بعد چین نے بھی چاند پر جھنڈا لہرادیا
بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 دسمبر ۔2020ء) چین نے امریکہ کے چاند پر امریکی جھنڈا لگانے کے 50 سال بعد اپنا جھنڈا بھی وہاں لگا دیا ہے چین کی نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جاری کی جانے والی ایک تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ پانچ ستاروں والا سرخ چینی پرچم چاند کی سطح پر موجود ہے، جہاں ہوا بالکل نہیں ہے. یہ تصاویر روبوٹک خلائی گاڑی چینگ فائیو پر لگے کیمرے سے لی گئی ہیں اس کے بعد وہ گاڑی چاند کے پتھروں کے نمونوں کے ساتھ چاند سے نکل گئی چین کے دو سابقہ قمری مشنوں میں جھنڈوں کو چاند کی سطح پر لگایا نہیں جا سکا تھا.

(جاری ہے)

امریکہ نے چاند پر اپنا پہلا جھنڈا 1969 میں انسانوں کو لے کر جانے والے اپولو 11 مشن کے دوران لگایا تھا اس کے بعد جاری رکھے گئے مشنوں میں 1972 تک پانچ جھنڈے چاند کی سرزمین پر لگائے گئے. 2012 میں ناسا نے کہا تھا کہ سیٹیلائٹ سے لی جانے والی تصاویر میں پانچوں جھنڈے ابھی بھی نظر آ رہے ہیں لیکن میڈیا میں آنے والی رپورٹس میں ماہرین کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ سورج کی چمک کی وجہ سے ان کا رنگ اتر چکا ہو اور وہ سفید ہو چکے ہوںچین کے ریاستی جریدے گلوبل ٹائمز نے لکھا ہے کہ چینی جھنڈا امریکی اپولو مشنوں کے دوران پیدا ہونے والے جوش و خروش کی یاد دہانی کرا رہا ہے.

چینگ فائیو چاند کی مٹی اور پتھروں کے نمونے چاند کی سطح سے 15 کلومیٹر اوپر چین کے لونر اوربیٹر میں لے گیا ہے، جو ایک ماڈیول میں بند ہوں گے اور اسے چین کے منگولیا کے خطے میں پھینکا جائے گا. کپڑے سے بنا چینی جھنڈا 2 میٹر چوڑا اور 90 سینٹی میٹر لمبا ہے اور اس کا وزن ایک کلوگرام ہے پراجیکٹ لیڈر لی یونفینگ نے گلوبل ٹائمز کو بتایا کہ جھنڈے کے تمام حصوں کو ایسی خصوصیات دی گئی ہیں کہ وہ سرد درجہ حرارت میں بھی محفوظ رہے.

پراجیکٹ ڈویلپر چینگ چانگ کا کہنا تھا کہ زمین پر استعمال کیا جانے والا کوئی عام قومی پرچم چاند کا شدید ماحول برداشت نہیں کر سکے گا‘چاند پر لینڈنگ کے پہلے چینی مشن”چینگ تھری“ کے دوران چین کے قومی پرچم کو دیکھا گیا تھا، اس دوران لینڈر اور روور نے ایک دوسرے کی تصاویر لی تھیں. چینف فور لینڈر اور روور 2019 میں جھنڈا چاند کے تاریک حصے میں لے گئے تھے تاہم، دونوں صورتوں میں اس وقت جھنڈا کپڑے کا نہیں تھا جسے ڈنڈے پر چڑھایا گیا ہو گذشتہ سات برسوں میں چینگ فائیو کا مشن چین کی چاند پر ساتویں کامیاب لینڈنگ ہے.

متعلقہ عنوان :