عمران خان کے این آر او کی سیل لگی ہے حصہ دیتے جا اور این آر او لیتے جا‘ عظمیٰ بخاری

مافیا کورونا کے نام پر عالمی مالیاتی اداروں کو دن رات چونا لگانے کے نئے نئے پلان بنارہا ہے ‘ سیکرٹری اطلاعات (ن) لیگ

ہفتہ 5 دسمبر 2020 14:11

عمران خان کے این آر او کی سیل لگی ہے حصہ دیتے جا اور این آر او لیتے جا‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ چینی اور گندم مافیا کو قوم کی بجائے اپنی کرسی بچانے کی فکر پڑی ہے ،کورونا کے پیچھے چھپنے والا مافیا کورونا کے نام پر عالمی مالیاتی اداروں کو دن رات چونا لگانے کے نئے نئے پلان بنارہا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میںانہوںنے کہا کہ مافیا ازم کی حکومت نے کورونا کے نام پر اربوں روپے کی فنڈنگ وصول کی اور بائیس کروڑ پاکستانیوں کو ایک ایک ماسک بھی مفت فراہم نہیں کرسکے ،الٹا مافیا از م حکومت کے وزیر اور مشیر ماسک سمگلنگ میں ملوث پائے گئے ،عامر کیانی اور ظفر مرزا قوم کو اربوں روپے کا چونا لگاکر منظر سے غائب ہو گئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ عمران خان نے پہلا این آر او باجی علیمہ ،دوسرا جہانگیرترین اور تیسرا این آر او زلفی بخاری کو دیا،عمران خان کے این آر او کی سیل لگی ہے حصہ دیتے جا اور این آر او لیتے جا۔