اسلامی ریاست عمان نے 103 ممالک کے لیے مفت سیاحتی ویزے کا اعلان کردیا

حیران کُن طور پر بھارت پر مہربانی کرتے ہوئے فہرست میں شامل کر لیا، مگر پاکستان کو نظر انداز کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 10 دسمبر 2020 13:52

اسلامی ریاست عمان نے 103 ممالک کے لیے مفت سیاحتی ویزے کا اعلان کردیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10دسمبر2020ء) پاکستان کے برادر اسلامی ملک عمان نے 103 ممالک کے لیے مشروط انٹری فری سیاحتی ویزہ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت ان ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزہ کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ عمانی حکومت کی جانب سے جاری پہلی فہرست میں یورپی یونین کے ممالک کو شامل کیا گیا ہے جبکہ دوسری فہرست میں جنوبی امریکا کے ممالک برازیل، چلی، ارجنٹائن، کولمبیا، ویزویلا اور اکواڈور ہیں۔

تیسری فہرست میں جاپان،چین، ایران، تھائی لینڈ، جنوبی افریقا، ہانگ کانگ، روس، برونائی دارالسلام، ازبکستان، آذربائیجان، بوسنیا، بھارت، قزاقستان اور ویتنام کے علاوہ دیگر عرب ممالک شامل ہیں۔ تاہم حیران کُن طور پر پاکستان کو اس شاندار ویزہ اسکیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کی بجائے بھارت کے شہریوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کے عمان سے بہترین تعلقات قائم ہیں، اس کے باوجود فہرست میں شمولیت نہ ہونا معنی خیز ہے۔

واضح رہے کہ 103 ممالک کے شہریوں کو مفت ویزہ جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فری ویزہ پر آنے والوں کے ریاست میں قیام کی مُدت میں بھی 30 روز تک اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد عمان میں سفر اور سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔ یہ بات عمانی وزیر خارجہ بدر البو سعیدی نے بحرین میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام منامہ ڈائیلاگ کانفرنس سے خطاب کے دوران بتائی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمان میں لیبر قوانین میں اہم ترامیم کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت آئندہ سے انہیں اپنا کفیل یا آجر بدلنے کے لیے این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ یہ شرط عنقریب منسوخ کر دی جائے گی۔