صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن

منگل 15 دسمبر 2020 23:08

لاہور۔15دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15دسمبر2020ء) :ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کی ہدایت پرصوبہ بھر میں صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے16فوڈپوائنٹس کو سیل کردیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ساس کی تیاری میں ممنوعہ سٹارچ استعمال کرنے پر فیروزوالا میں صفا فوڈ کیچپ ساس فیکٹری کو سیل کر دیا ۔

غلط لیبلنگ،پلاسٹک برتن اور فنگس زدہ مکسچر مشینوں کے استعمال اور جگہ جگہ بدبودار پانی کھڑاہونے پر کارروائی کی گئی۔چینی،گلوکوز اور مضر صحت کھلے رنگوں سے جعلی شہد تیار کرنے پرفیض باغ میں ہنی یونٹ کو سربمہر کیا گیا۔مزید برآںسٹور ایریا میں چوہوں،مکھیوں کی بھرمار پر راوی ٹا ن میں گورمے فوڈ بیکرزکوسیل کیا ۔

(جاری ہے)

فوڈ سیفٹی ٹیم نے ممنوعہ گٹکا برآمد ہونے پر شاہ پور کانجراں میں سدرہ پان شاپ کو سربمہر کیا ۔

فیصل آباد کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ممنوعہ گٹکا کی فروخت اورملازمین کے میڈیکلزکی عدم دستیابی پر حق باھو پان شاپ کو سیل کرتے ہوئے131ساشے گٹکا تلف کردیا۔اسی طرح اشیائے خورونوش میں مردہ حشرات کی موجودگی ،زائدالمیعاد اشیاءکی فروخت ،ممنوعہ رنگوں کے استعمال پررحمت مارٹ اورنیو پہلوان سویٹس اینڈ بیکرز کو سربمہر کیا۔ملتان کی ڈیری سیفٹی ٹیم نے دلشاد کا بھاناڈیری پروسیسنگ یونٹ کودودھ کی تیاری میں وئے پاؤڈر اور ڈیٹرجنٹس کا استعمال کرنے پر سیل کردیا ۔

دوران کارروائی 200لٹر دودھ تلف جبکہ 10کلو وئے پاﺅڈر برآمد کرلیا گیا۔اسی طرح ملتان میں جمال ڈیری کو کیمیکل ڈرمز میں فیٹ نکلا دودھ سٹور کرنے پر سربمہر کیا گیا۔ عبدالوحید اچار یونٹ کو پھپھوندی لگا خام مال سٹور کرنے جبکہ سلطان کریانہ سٹور کوممنوعہ گٹکا کی فروخت پر سربمہر کیا گیا۔ وہاڑی کی فوڈسیفٹی ٹیم نے ڈیسنٹ سویٹس اینڈ بیکرز پروڈکشن یونٹ کو مٹھائی کی تیاری میں کھلے رنگوں کے استعمال جبکہ لیہ کی ڈیری سیفٹی ٹیم نے چک 317فتح پور میں امجد ملک کولیکشن سنٹر کو نیلے کیمیکل ڈرمز میں دودھ سٹورکرنے پر سیل کردیا ۔

چیکنگ کے دوران 450لٹر غیر معیاری دودھ اور150 کلو وئے پاﺅڈر برآمد کیا گیا۔ مکی مدنی کریانہ سٹور کو غیر معیاری دودھ فروخت جبکہ ڈی جی خان میں عابد کریانہ اور لیہ میں فوجی منیر کریانہ سٹور کولائسنس فیس کی عدم ادائیگی پر سربمہرکیا گیا۔