Live Updates

اضافی بل وصول کرنے پر بجلی کمپنی کو 20 کروڑ روپے جرمانہ

نیپرا نے رقم صارفین کو واپس کرنے کی ہدایت کردی، اضافی وصولی 30 روز میں صارفین کو واپس نہ کرنے کی صورت میں کمپنی پر یومیہ ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 16:56

اضافی بل وصول کرنے پر بجلی کمپنی کو 20 کروڑ روپے جرمانہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء ) اضافی بل وصول کرنے پر بجلی کمپنی کو 20 کروڑ روپے جرمانہ کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا نے گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو خراب میٹرز کی بنیاد پر صارفین سے اضافی بل وصول کرنے پر 20 کروڑ روپے جرمانہ کیا، اتھارٹی نے حکم دیا ہے کہ اضافی وصولی 30 روز میں صارفین کو واپس کی جائے بصورت دیگر کمپنی پر یومیہ ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ گیپکو نے دو مرتبہ صارفین سے سلو اور خراب میٹرز پر بل وصول کیے، اس مد میں 1 ہزار 298 صارفین کو زائد بلنگ ثابت ہوئی، اس حوالے سے نیپرا اتھارٹی نے شوکاز نوٹس پر گیپکو کا جواب مسترد کردیا۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں تھری فیز میٹرز کو جدید اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزارت توانائی حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری پر قابو پانے اور زائد بلنگ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں تھری فیز میٹرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ منصوبہ مرحلہ وار شروع کیا جائے گا اور ابتدائی مرحلے میں بجلی کے 3 لاکھ 50 ہزار میٹرز تبدیل کیے جائیں گے، بجلی کے میٹرز کی تبدیلی کے حوالے سے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو باظابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پہلے مرحلے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی طرف سے صارفین کے 3 لاکھ 50 ہزار میٹرز تبدیل کیے جائیں گے اور یہ تنصیب باقاعدہ میٹر ریپلیسمنٹ آرڈر کے تحت کی جائے گی، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کو بڑے پیمانے پر تنصیب کے باعث اربوں روپے کے اخراجات برداشت کرنے ہوں گے، اس منصوبے کو دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جس کے بعد پورے ملک میں سمارٹ میٹرز کا استعمال لازمی ہو جائے گا، موجودہ بجلی میٹروں کو سمارٹ میٹرز کے ساتھ تبدیل کیے جانے سے بجلی کے استعمال کی درست مانیٹرنگ اور بلنگ ممکن ہوسکے گی، جس سے بجلی چوری میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

دوسری طرف حکومت نے سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس کی تصدیق کرتے ہوئے وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے بتایا کہ فوی طور پر سیلاب متاثرین کے بلوں پر ٹیکس معاف کیے جائیں گے، سیلاب متاثرین کے بجلی کے بلوں پر ٹیکس ختم کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے، بجلی کے بلوں میں ریلیف وفاقی حکومت دے گی، لینڈ ریونیو صوبائی حکومت معاف کرے گی، سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے اضافی بلوں کا نوٹس لیں گے، یہ وہ بل ہوں گے جو پہلے ہی پرنٹ ہوچکے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات