ضلع عمر کوٹ پولیس کا کرمنلز کے خلاف کریک ڈاؤن، ٹریفک پولیس کا ایکشن

8تھانوں، سی آئی اے اور ٹریفک پولیس نے پورے ضلع عمر کوٹ میں کاروائیاں کر کے 17ملزمان گرفتار کر لیے اور 450گاڑیوںپر ایکشن

بدھ 30 دسمبر 2020 16:00

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2020ء) ضلع عمر کوٹ پولیس کے 8تھانوں ، سی آئی اے پولیس کا کرمنلز و جرائم پیشہ کے خلاف کریک ڈاؤن اور ٹریفک پولیس کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایکشن ، مجموعی 17کرمنلز و جرائم پیشہ گرفتار، 450گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں، بڑی تعداد میں برآمدگی۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع عمر کوٹ شاہ جہان خان کی ہدایت پر ضلع عمر کوٹ کے 8تھانوں ، تھانہ عمر کوٹ سٹی، تھانہ کنری، تھانہ ٹالھی، تھانہ سامارو، تھانہ ڈھو رونا، تھانہ بودر فارم، تھانہ نبی سر، تھانہ عمر کوٹ اور تھانہ صوفی فقیر کی حدود میں سی آئی اے پولیس نے ڈکیت گروہوں ، دیسی شراب تیار کرنے والے گروہوں، منشیات و گٹکا سپلائیروں، موٹر سائیکل لفٹر اور مفرور ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے کامیاب کاروائیوں کے دوران مجموعی 17ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

جبکہ 4دیسی شراب تیار کرنے والی بھٹیاں مسمار کر دیں۔ کاروایئوں میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے 310لیٹر دیسی شراب، 4گیلن غیر تیار شدہ دیسی شراب، 4پستول، 8کارتوس، ایک کلو 30گرام چرس، 8ہزار 835پڑیاں گٹکا، ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ گرفتار ملزمان میں ایک مفرور ملزم بھی شامل ہے۔ جبکہ ایس ایس پی ضلع عمر کوٹ شاہ جہان خان کے خصوصی ٹاسک پر پورے ضلع عمر کوٹ میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھر پور کاروائیاں کیں اور فینسی نمبر پلیٹ والی 210گاڑیوں سے فینسی نمبر پلیٹیں ہٹا لیں اور 240گاڑیوں سے ٹینٹیڈ گلاسز (رنگین شیشی) صاف کر دیئے۔

ایس ایس پی ضلع عمر کوٹ شاہ جہان خان نے چارج لینے کے بعد 15دنوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تھانوں ، سی آئی اے اور ٹریفک پولیس افسران و جوانوں کو تعریفی اسناد و شاباش دیں۔