پیپلز پارٹی گلگت بلتستان اسمبلی کی ایک اور نشست سے محروم ہوگئی

2 نشستوں پر فتح حاصل کرنے والے پی پی رہنما امجد حسین نے جی بی اے 4 کی نشست خالی کر دی، 25 فروری کو ضمنی الیکشن ہوگا

muhammad ali محمد علی جمعہ 1 جنوری 2021 23:17

پیپلز پارٹی گلگت بلتستان اسمبلی کی ایک اور نشست سے محروم ہوگئی
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جنوری2021ء) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان اسمبلی کی ایک اور نشست سے محروم ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کو اپنی ایک اور نشست سے محروم ہونا پڑ گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی پی رہنما امجد حسین گلگت بلتستان کے حلقے جی بی اے 4 کی نشست خالی کر دی ہے۔ امجد حسین نے نومبر میں ہونے والے انتخابات میں 2 نشستوں جی بی اے 1 اور جی بی اے 4 پر فتح حاصل کی تھی۔

تاہم اب انہیں قانون کے مطابق ایک نشست خالی کرنا پڑی ہے۔ پی پی رہنما نے جی بی اے 1 کی نشست اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جی بی اے 4 کی نشست خالی کر دی۔ امجد حسین کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی ضمنی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ جی بی اے 4 پر ضمنی الیکشن کا انعقاد 25 فروری کو ہوگا۔

اس نشست پر ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نومبر 2020 میں ہوئے انتخابات کے دوران پاکستان تحریک انصاف نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر کے گلگت بلتستان میں حکومت قائم کی تھی۔ تحریک انصاف کے پاس گلگت بلتستان اسمبلی میں کل 33 میں سے 22 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ جبکہ پیپلز پارٹی نے کل 5 نشستیں حاصل کیں، جو اب ایک نشست کی کمی سے 4 رہ گئی ہیں۔