سنیپ چیٹ پر مشہور سعودی نوجوان کی غیر ملکی بزرگ سے توہین آمیز سلوک کی ویڈیو وائرل ہو گئی

بدتمیز سعودی نوجوان نے سڑک کنارے بیٹھے ایشیائی بزرگ کو دھکا دے کر کیچڑ میں پھینک دیا اور اپنے ساتھیوں سمیت اس کا تمسخر اُڑاتا رہا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 2 جنوری 2021 11:45

سنیپ چیٹ پر مشہور سعودی نوجوان کی غیر ملکی بزرگ سے توہین آمیز سلوک کی ..
مکہ معظمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 جنوری2021ء) سعودی عرب میں مقامی باشندوں کی جانب سے تارکین وطن کے استحصال اور مار پیٹ کے واقعات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں۔ اگرچہ زیادہ تر سعودی عوام پاکستانی اور دیگر تارکین سے اچھا سلوک کرتے ہیں تاہم کچھ اخلاقیات سے عاری لوگ خصوصاً مٹھی بھرنوجوانوں کی جانب سے تارکین کے تمسخر اُڑانے اور ان سے بے ہودہ سلوک کرنے کے وقتاً فوقتاً پیش آتے رہتے ہیں۔

ایسا ہی ایک اور تازہ ترین واقعہ رونما ہوا ہے جس کی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق سنیپ چیٹ پر مشہور ایک سعودی نوجوان نے ایک ایشیائی بزرگ کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا ہے اوراس کے دوست بڑی بے شرمی سے اس واقعے کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ ایک ایشیائی کارکن جو شکل و صورت سے پاکستانی یا بنگالی مسلمان معلوم ہوتا ہے،
ایک سڑک کنارے اونچی دیوار پر بیٹھا موسم سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

جب یہ منچلے نوجوان اس کے پاس آ کر کچھ پوچھتے ہیں اور پھر اچانک ایک نوجوان جو ویڈیو میں دکھائی نہیں دیتا، اسے دھکا دے کر دیوار کے پچھلی جانب گرا دیتا ہے۔ جہاں کی کچی زمین کیچڑ سے بھری پڑی ہے۔ یہ بزرگ کارکن کیچڑ میں لت پت ہو جاتا ہے۔ تو تمام سعودی نوجوان اس کی حالت پر زور زور سے ہنستے سنائی دے رہے ہیں۔ یہ ویڈیو سامنے آنے پر سوشل میڈیا خصوصاً ٹویٹر صارفین نے سخت غصے اور ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور سنیپ چیٹ کے اس سعودی اسٹار کو اس کی شرمناک حرکت پر گرفتار کرنے اور سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

کچھ صارفین نے اس توہین آمیز واقعے کی ویڈیو پولیس کو بھی رپورٹ کر دی ہے جس کے بعد ذمے داروں کے خلاف جلد کارروائی کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب میں ایک مقامی باشندے نے صرف اس بات پر بنگلہ دیشی کارکن کی پٹائی کر دی، کیونکہ اس نے شماغ (سعودیوں کا روایتی سرخ کپڑا) کا ماسک باندھ رکھا تھا۔اس متعصب سعودی سے برداشت نہ ہوا کہ ایک غیر ملکی نے شماغ کیوں پہن رکھا تھا۔

بس اتنی سی بات پر اس نے بنگالی شہری کی پٹائی کر دی اور ساتھ ساتھ اس کا مذاق بھی اُڑاتا رہا۔ملزم خود ہی اس سارے واقعے کی ویڈیو بھی بناتا رہا۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سعودی ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔پولیس کے علم میں یہ واقعہ آنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔