شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 4 افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا

اتوار 3 جنوری 2021 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2021ء) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 4 افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جبکہ ایک ڈاکو زخمی حالت میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ شاہ لطیف میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے مہران ٹاون کورنگی ڈرائیونگ لائسنس برانچ سیکٹر 31 میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ڈاکوئوں نے اسپیئر پارٹس کی دکان پر لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 25 سالہ سید مدثر شاہ کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا مضروب کو پیٹ اور بازو پر 2 گولیاں لگی تھیں ، واردات کی فوٹیج منظر عام پرآگئی اور اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو بھی زخمی ہو کر زمین پر گر گیا تھا جسے اس کا دوسرا ساتھی کھینچتے ہوئے تیسرے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے ہمراہ لیجانے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ڈاکو ایک موٹر سائیکل چھوڑ گئے جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے ، پولیس فوٹیج کی مدد سے ڈاکوئوں کا سراغ لگانے کی کوششیں کر رہی ہے لانڈھی نیو مظفر آباد کالونی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 22 سالہ نعمان کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا دریں اثنا شاہ لطیف ٹائون کے علاقے قائد آباد بسم اللہ چوک کے قریب جھگڑے کے دوران کی جانے والی فائرنگ سے 30 سالہ بابر علی زخمی ہوگیا پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا سعود آباد کے علاقے ملیر لیاقت مارکیٹ شیشہ گلی دودھ کی دکان کے قریب فائرنگ 38 سالہ راحیل زخمی ہوگیا جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا ابتدائی طور پر واقعہ نامعلوم سمت سے گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے