ْوائس چانسلر کی یونیورسٹی کی رینکنگ و ملکی ترقی کیلئے پانچ سالہ منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت

منگل 5 جنوری 2021 17:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2021ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازاحمداختر نے یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری ، معاشرتی اقتصادی ترقی اورمہارت یافتہ گرایجوئیٹس پیدا کرنے کیلئے 5 سالہ منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کر دی ۔وہ پنجاب یونیورسٹی الرازی ہال کے کمیٹی روم میں صدور شعبہ جات کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اس موقع پر پرو وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد سلیم مظہر سمیت مختلف فیکلٹیوں کے ڈینزنے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد نے کہا کہ ملک و قوم کی خدمت کرنا اعلیٰ تعلیمی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ادا کرنے والی عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ جات ملک و معاشرتی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا منصوبہ بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام شعبہ جات کو آئندہ پانچ سال شعبہ کی تعلیمی ترقی کا جامعہ منصوبہ بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ جات بیرون ممالک سے اساتذہ اور طلباء اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے تعاون کو فروغ دیں۔ اجلاس میں وائس چانسلر نے صدور شعبہ جات کی رہنمائی کے لئے کمیٹی بنا ئی جس میں ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر خالد محمود کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔