کالاشاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب فرنس آئل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کی وجہ سے آگ لگ گئی ، تین مزدو ر جاں بحق

جمعرات 7 جنوری 2021 17:52

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2021ء) لاہور سیالکوٹ موٹروے کالاشاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب آہدیاں روڈ پر فرنس آئل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کی وجہ سے آگ لگ گئی جس کی وجہ سے تین مزدور فیصل ،آصف اور ریاست جھلس کر جاں بحق ہوگئے ۔بتایا جاتا ہے ریسکیو زرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے جس سے بوائلر پھٹ گیا اور چھ سات مزدور لاپتہ ہوگئے جن میں سے تین مزدوروں کی لاشیں تلاش کرلی گئی ہیں جبکہ دیگر کو زندہ سلامت تلاش کرلیا ہے آگ کو کنٹرول کرنے کیلئے مریدکے شاہدرہ شیخوپورہ اور لاہور سے بیس کے قریب فائر ٹینڈرز کی گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ درجن سے زائد ریسکیو 1122اور ایدھی کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے لاہور کے رہائشی ریاض اور فیاض نامی دو بھائیوں کی فیکٹری ہے فیکٹری میں بوائلر پھٹنے اور جانی نقصان کی وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او شیخوپورہ اصغرجوئیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے بتایا اس حادثے میں تین مزدور جاں بحق ہوئے جنکی لاشیں مریدکے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئی ہیں وزیر اعلی عثمان بزدار نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ اے سی فیروزوالہ کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تشکیل دیدی ہے جو بہتر گھنٹوں میں حادثے کی وجہ معلوم کرکے رپورٹ دے گی۔