نیب کاخواجہ سعد رفیق کے خلاف لوکو موٹیو انکوائری بند کرنے کا فیصلہ

ڈی جی نیب لاہور نے تفتیشی ٹیم کی انکوائری بند کرنے کی سفارشی رپورٹ منظوری کے لیے چیئرمین کو بھجوا دی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 11 جنوری 2021 17:01

نیب کاخواجہ سعد رفیق کے خلاف لوکو موٹیو انکوائری بند کرنے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 جنوری ۔2021ء) انسدادِ بدعنوانی کے ادارے قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ سعد رفیق کے خلاف لوکو موٹیو انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے. نیب ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے تفتیشی ٹیم کی انکوائری بند کرنے کی سفارشی رپورٹ چیئرمین نیب جاوید اقبال کو بھجوا دی ہے جو اس کی حتمی منظوری دیں گے ذرائع کے مطابق خواجہ سعد سمیت دیگر پر لوکو موٹیو مہنگے داموں خریدنے کے الزامات تھے.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اکتوبر2020میں قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق کے خلاف ریلوے اراضی سے متعلق انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ڈائریکٹرجنرل نیب نے خواجہ سعد رفیق کے خلاف ریلوے اراضی لیز پر دینے کی انکوائری بند کرنے کی سفارشات حتمی منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو بھیجی تھیں. نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق پر ریلوے کی زمین من پسند افراد کو سستے داموں لیز پر دینے کا الزام تھا اور شکایت کنندہ نے کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے لاہور والٹن روڈ اور یو ای ٹی پر اراضی 33 سال کے لیے لیز پر دلوائی تھی سابق وزیرریلولے پر الزام تھا کہ انہوں نے ریڈمکو کے ذریعے یہ زمین من پسند کنٹریکٹرز کو فائدہ پہنچانے کے لیے دی تھی.

نیب ذرائع کے مطابق ریلوے نے جس کمپنی کو زمین لیز پر دی تھی انہوں سے سب سے زیادہ بولی لگائی اور خواجہ سعد رفیق پر جو الزام لگایا گیا کہ من پسند افراد کو زمین ٹھیکے پر دی وہ ثابت نہیں ہوتا ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق پر الزام تھا کہ 12 پلاٹس پاکستان کے مختلف ضلعوں میں آئل کی کمپنیوں کو دیئے گیے.