وارننگ کے باوجود قوانین کی خلاف ورزی، پاکستان نے ترکش ائیرلائن پر جرمانہ عائد کر دیا

ترکی کی ائیرلائن کی جانب سے ہدایات کے باوجود دوسری مرتبہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی، 2 مسافروں کو بنا کرونا ٹیسٹ کے پاکستان لے آئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 جنوری 2021 20:29

وارننگ کے باوجود قوانین کی خلاف ورزی، پاکستان نے ترکش ائیرلائن پر جرمانہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری2021ء) وارننگ کے باوجود قوانین کی خلاف ورزی، پاکستان نے ترکش ائیرلائن پر جرمانہ عائد کر دیا، ترکی کی ائیرلائن کی جانب سے ہدایات کے باوجود دوسری مرتبہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی، 2 مسافروں کو بنا کرونا ٹیسٹ کے پاکستان لے آئی۔ تفصیلات کے مطابق کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ترکش ایئرلائن پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ ترکش ایئرلائن نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 2مسافروں کو سینیگال سے بغیر کورونا ٹیسٹ کے استنبول تک سفر کرایا اور پھر بعد ازاں مسافروں کو کنیکٹنگ پرواز کے ذریعے استنبول سے لاہور پہنچا دیا۔ ترکش ایئرلائن کی اس لاپرواہی پر پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے ایکشن لیا اور جرمانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن نے بی کیٹگری والے ممالک کے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے۔ کورونا کی روک تھام کے لیے سی اے اے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ مختلف ممالک کو کیٹگریز میں شامل کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس ملک میں وبا کی شدت زیادہ ہے اسے بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن نے بی کیٹیگری والے ممالک کے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ ترکش ائیرلائن نے گزشتہ سال اکتوبر میں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد اس پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ اکتوبر میں ترکش ائیر لائن نے ایک مسافر کو بغیر کورونا ٹیسٹ کے مالی سے استنبول تک کا سفر کرایا تھا۔ مذکورہ مسافر کو کنیکٹنگ پرواز کے ذریعے استنبول سے لاہور لانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم معاملے کی نشاندہی ہونے پر اس مسافر کو استنبول ائیرپورٹ پر ہی اتار لیا گیا تھا جہاں وہ کئی روز محصور رہا۔