شہریوں کو جدید سفری سہولیات کے لیے گرین بس پروجیکٹ اہمیت کا حامل ہے ،جام کمال خان

پہلے مرحلے میں خواتین کیلئے دو ،کُل آٹھ بسیں گرین منصوبے کے تحت شہر میں چلائی جائیں گی،وزیراعلی بلوچستان

جمعہ 15 جنوری 2021 23:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت گرین بس منصوبے اور کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر چلنے والی کوچوں میں ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں گرین بس منصوبے پر پیش رفت اور کوئٹہ سے کراچی چلنے والی بسوں میں جدید ٹریکنگ سسٹم لگانے کا جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالصبور کاکڑ، اسپیشل سیکریٹری اسفندیار بلوچ، سیکرٹری خزانہ پسند خان بلیدی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ بشیر احمد بنگلزئی، ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد نور کھیتران و دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی جام کمال خان نے کہا کہ عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات کے لیے خاص طور پر گرین بس پروجیکٹ اہمیت کا حامل ہے اوراس کے پہلے مرحلے میں خواتین کے لیے دو بسیں چلائی جائیں گی جب کہ کل آٹھ بسیں گرین منصوبے کے تحت شہر میں چلائی جائیں گی۔ اجلاس کو سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بریفنگ میں بتا یا کہ بہت جلد کراچی اور کوئٹہ کے درمیان چلنے والی 316 کوچز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب عمل میں آئے گی۔

جس سے بسوں کی سیفٹی سیکورٹی اور ان کی لوکیشن کے ساتھ ساتھ بسوں کی سپیڈ کو کنٹرول کرنے کی تمام معلومات حاصل ہو ں گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ گرین بس منصوبے کے ٹینڈرز کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ گرین بس کے دو روٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ پہلا روٹ سرینا چوک تا بلیلی چیک پوسٹ تک ہوگا۔ روٹ پر 11 بس اسٹاپ بنائے جائیں گے۔

آر ٹی اے بس منصوبے کے آپریشنل اور مینٹیننس کو کنٹرول اور مانیٹر کرے گا۔ اجلاس کے آخر میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی تاکہ کویٹہ کے عوام کو بھی جدید سفری سہولیات میسر آئیں۔ صوبے کے دیگر شہروں میں بھی گرین بس سروس کے آغاز کا جائزہ لیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر چلنے والی کوچوں میں ٹریکر کی تنصیب کا بڑا فائدہ مالکان کو بھی ہوگا اور وہ براہ راست اپنی کوچ کے ڈرائیور اور منتظمین کی نگرانی کرسکیں گے اور حاصل ہونے والے ڈیٹا سے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرسکیں گے۔

وزیراعلی نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہوں پر بسوں کی اوور اسپیڈنگ کنڑول کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گرین بس کے آغاز سے شہر میں نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی ہوگی بلکہ مجموعی طور پر ٹریفک پر نظام پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ وزیراعلی نے گرین بسوں میں جی پی ایس سسٹم نصب کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت کے لیے گرین بس ایپ متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی۔