گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور کا جرنل آف پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کی افتتاحی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو

منگل 19 جنوری 2021 17:38

گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور کا جرنل آف پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن ..
لاہور۔19جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2021ء) :گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اداروں کوریموٹ کنٹرول سے چلانے کا دَور گزر چکا اب ادارے آزاد ہیں،پی ڈی ایم انصاف پر مبنی نہیں مرضی کے فیصلے چاہتی ہے،الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کا احتجاج ان کی سیاسی ضرورت کے سواکچھ نہیں ،اداروں پر دباﺅ بڑھانے کا اپوزیشن کا منصوبہ ایک بار پھر ناکام ہوگا، پنجاب میں کورونا وبا کے دوران میڈیکل یونیورسٹیز نے ٹیلی میڈیسن سنٹرز کے ذریعے عوام کو جو صحت کی سہولت فراہمی قابل ستائش ہے۔

وہ منگل کے روز گور نر ہاﺅس لاہور میں جرنل آف پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر سرفراز ہمایوں، سیکرٹری ہیلتھ کیپٹن (ر)عثمان،وائس چانسلریونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسرڈاکٹر جاوید اکرم، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل ،ڈاکٹر صومیہ اقتداراور پروفیسر عزیز الرحمن سمیت دیگر بھی شر یک ہوئے۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت اداروں کو سیاسی مداخلت سے مکمل پاک کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کافی عرصے سے احتجاج کی سیاست کر رہی ہے او ر ہر بار ان کو حکومت کے خاتمے کی امید لگ جاتی ہے مگر 2023تک حکومت کے خاتمے کی ان کی آس بار بار ٹوٹے گی۔ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ اپوزیشن اپنی بقا کے لیے سیاسی ماحول کو گرم رکھنا چاہتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پارٹی چٹان جیسی مضبوط ہے، کوئی شک نہیں کہ تحریک انصاف عوام کے اعتماد اور عمران خان کی جدوجہد سے اقتدار میں ہے ،حکومت ملک کو آگے جبکہ اپوزیشن پیچھے لیکر جانا چاہتی ہے۔پنجاب آب پاک اتھارٹی کے حوالے سے گور نر پنجاب نے کہا کہ اس میں کسی قسم کی سیاسی تفر یق نہیں ہوگی ،ہم پنجاب کے تمام حلقوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بھر پور کام کریں گے اورالحمد اللہ ہم نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں کو مزید تیزکر دیا ہے۔

تقریب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وبا کے دوران میڈیکل یونیورسٹیز نے ٹیلی میڈیسن سنٹرز کے ذریعے عوام کو جو صحت کی سہولت فراہمی کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور معیشت کی مضبوطی کیلئے یونیورسٹیوں کا انڈسٹری کے ساتھ اشتراک کرنا چاہیے ،میں آج دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ پنجاب میں ہم نے یونیورسٹیز میں سیاسی مداخلت کو مکمل ختم کر دیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت صرف 113 جبکہ برطانیہ میں 395 سائنسی جریدے شائع ہورہے ہیں، میڈیکل کے شعبے میں محض 3 پاکستانی جریدے امپیکٹ فیکٹر رکھتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام پہلی مرتبہ میڈیکل جرنلزم میں ماسٹر ڈگری پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے زیراہتمام کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ قبل ازیں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے گور نر ہاﺅس میں تحر یک انصاف کے ایم این اے صد اقت عباسی نے بھی ملاقات کی ہے۔