جیل سے رہا ہونے والے 2 قیدیوں پر مخالفین نے فائرنگ کردی

لکی مروت جیل سے رہا ہونے والے 2 قیدیوں سمیت 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات جنوری 01:04

جیل سے رہا ہونے والے 2 قیدیوں پر مخالفین نے  فائرنگ کردی
لکی مروت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 20 جنوری 2021ء) جیل سے رہائی راس نہ آئی، جیل سے چھوٹنے والے دو قیدیوں کو مخالف گروپ نے فائرنگ کر کے قتل کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں جیل کے باہر فائرنگ سے جیل سے رہا ہونے والے 2 قیدیوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 راہ گیر بھی شامل تھے ۔

رپورٹ کے مطابق لکی مروت ڈسٹرکٹ جیل سے رہا ہونے والے دو قیدیوں پر مخالف گروپ نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 راہ گیروں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر دو افراد زخمی ہوئے، ہلاک والے دونوں افراد جیل سے رہا ہوکر  نکلے تھے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں تین راہ گیر بھی شامل ہیں، فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے ۔پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ جبکہ دوسری جانب فائرنگ سے جاں بحق افراد کے ورثا نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے خیبرپختونخوا سے پنجاب کو ملانے والی سڑک کو بند کردیا تھا۔

مظاہرین کے احتجاج کے بعد انتظامیہ نے مظاہرین کو یقین دھانی کروائی کے جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا اور تمام مقتولین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انتظامیہ کی یقین دھانیوں کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا ہے ۔