سعودی عرب میں مقامی شخص نے دو سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا

ملزم نے اپنے سالے کو قتل کرنے کی کوشش کی، پولیس کے پہنچنے پر فائرنگ کر دی، جس سے دو اہلکار اور ملزم کا سالا جاں بحق ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 جنوری 2021 11:13

سعودی عرب میں مقامی شخص نے دو سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جنوری2021ء) سعودی عرب میں ایک شخص نے دو سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر کے انہیں شہید کر دیا ہے اور اسی دوران اپنے یرغمال بنائے گئے سالے کو بھی مار ڈالا۔ جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم شدید زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت میں پولیس اور ایک ملزم کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں یرغمال بنایا گیا ایک شخص ہلاک اور دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس نے یرغمال بنانے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح الریاض کے مشرقی میں المعیزیلہ کالونی میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنی اہلیہ کے بھائی کو یرغمال بنانے اور اسے قتل کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

اطلاع پر جائے وقوعہ پر چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔الریاض کے علاقے کے پولیس ترجمان میجر خالد الکریدس نے بتایا کہ منگل کی شب دو بجے پولیس کو اطلاع دی گئی کہ ایک شخص نے اپنے ایک قریبی عزیز کو یرغمال بنا لیا ہے اور وہ اسے قتل کرنا چاہتا ہے۔

پولیس نے المعیزیلہ کالونی میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں یرغمال شخص اور دو سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ ایک اہلکار کو گولیاں لگی ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ایک سعودی شہری نے گھریلو جھگڑے پر اپنی ایک بہن اور چچا زاد کو بھی قتل کر دیاتھا ۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے اسے دُور دراز کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔