Live Updates

ممنوعہ فنڈنگ کیس کے مقدمے کو ٹی وی پر چلانے کے عمران خان کے چلینج کو مسترد کرتے ہیں

مسلم لیگ ن کے رہنما اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کی گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 جنوری 2021 11:26

ممنوعہ فنڈنگ کیس کے مقدمے کو ٹی وی پر چلانے کے  عمران خان کے چلینج کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کے مقدمے کو ٹی وی پر چلانے کے عمران خان کے چلینج کو مسترد کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ 6 سال سے خاموش عمران خان خود ہی آ کر جواب دے دیں۔ چھ ساڑھے چھ سال کے بعد یہ لوگ بالآخر بولے ہیں ، پہلے تو یہ لوگ بولتے بھی نہیں تھے۔

جب روز کرپشن کا کہتے تھے تو ہم روز انہیں کہتے تھے کہ آپ فارن فنڈنگ کیس میں کیوں تاخیر کر رہے ہیں، کیوں آپ الیکشن کمیشن سے مسلسل مزید وقت مانگ رہے ہیں۔ محمد زبیر نے کہا کہ بات یہ ہے کہ ان کا کیس الیکشن کمیشن میں ہے جو اکبر ایس بابر نے دائر کیا ہوا ہے۔ چھ سال تک انہوں نے ایک مؤقف اپنایا اور اب جا کر یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ ہمارے ایجنٹس کی ذمہ داری تھی۔

(جاری ہے)

اُن ایجنٹس کو تعینات تو عمران خان نے کیا تھا جو اُس وقت پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین تھے۔ محمد زبیر نے کہا کہ یہاں کیس مختلف ہے ، انہوں نے ہمیں قانون کا سہارا لینے نہیں دیا ، خود یہ لوگ قانون کا سہارا لے رہے ہیں۔ اسٹے بھی لے رہے ہیں۔ ان کو چاہئیے کہ اپنی پالیسی بھی بتائیں کہ کیوں آپ نے چھ سال تک اس معاملے پر کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
خیال رہے کہ گذشتہ روز جنوبی وزیرستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت ہونی چاپئیے ۔

انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے۔ فارن فنڈنگ کیس میں پارٹی سربراہوں کو بٹھا کر سماعت سننی چاہئیے ۔ چیلنج کرتا ہوں سیاسی فنڈ ریزنگ صرف پاکستان تحریک انصاف نے کی، اوور سیز پاکستانیوں کے بھیجے گئے ترسیلات زر سے ملک چلتا ہے۔ میں نے شوکت خانم کی فنڈنگ سمندرپارپاکستانیوں سے کی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو معلوم ہے اور مجھے بھی پتہ ہے فارن فنڈنگ کیا ہے۔کئی ملک ان جماعتوں کو پیسے دیتے رہتے ہیں ۔ان ممالک سے تعلقات کی وجہ سے میں بتا نہیں سکتا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات