کراچی،گلستانِ جوہر میں مبینہ مقابلہ، ڈکیت گروہ کے 3 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان کا تعلق شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث وائٹ کرولا گینگ سے ہے،ایس ایس پی ایسٹ

جمعہ 22 جنوری 2021 12:58

کراچی،گلستانِ جوہر میں مبینہ مقابلہ، ڈکیت گروہ کے 3 ملزمان گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) پولیس نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں مبینہ مقابلے کے بعد3ملزمان کو گرفتار کرلیاہے، ملزمان کے دیگر 4 ساتھی پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے گلستانِ جوہر بلاک 11 کے قریب بنگلے میں ڈکیتی کی، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس پر پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

گرفتار ملزمان کا تعلق ہنڈا سوک گینگ سے ہے، یہ گینگ عرصہ دراز سے وارداتیں کر رہا ہے۔گرفتار ملزمان میں وسیم عرف کمانڈو، جاوید شفیق اور امین شامل ہیں۔ایس ایس پی ایسٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلستان جوہر کے قریب 7 ڈاکوئوں کے واردات کرنے کی اطلاع ملی، اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر پہنچی، جہاں ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکوئوں کا گرفتارکرلیا گیا جبکہ چار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، گرفتار ملزمان کا تعلق شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث وائٹ کرولا گینگ سے ہے۔ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی کے مطابق گرفتار ملزمان سے ایک کلاشنکوف، چار پستول سمیت موبائل فون، لیپ ٹاپ، جیولری، کیمرے اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال اور کراچی کے دیگر علاقوں میں واقع بنگلوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتیں کی ہیں۔