براڈ شیٹ اسکینڈل، مسلم لیگ ن نے جسٹس(ر) عظمت سعید کی تقرری مسترد کردی

اُن سے تحقیقات کرانا انصاف کا قتل ہے جن کی اپنی تحقیقات ہونی چاہیے، مشرف دور میں نوازشریف کیخلاف مقدمات میں عامرعزیز بھی عظمت سعید کے ساتھ شامل رہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 جنوری 2021 17:23

براڈ شیٹ اسکینڈل، مسلم لیگ ن نے جسٹس(ر) عظمت سعید کی تقرری مسترد کردی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جنوری 2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن نے براڈ شیٹ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے جسٹس(ر) عظمت سعید کی تقرری مسترد کردی۔ ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان سے تحقیقات کرانا انصاف کا قتل ہے جن کی اپنی تحقیقات ہونی چاہیے، مشرف دور میں نواز شریف کیخلاف مقدمات میں عامر عزیز کے ساتھ عظمت سعید بھی شامل رہے، منتخب وزیراعظم کیخلاف جے آئی ٹی کے ہیرے تلاش کرنے کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے؟ مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ براڈ شیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے جسٹس(ر) عظمت سعید کی تقرری مسترد کرتے ہیں۔

جن سے تحقیقات ہونی چاہیے، انہیں سے تحقیقات کرانا انصاف کا قتل ہے۔ عمران صاحب ہمت کرکے قوم کو سیدھا بتائیں کہ آپ کو این آراو چاہیے۔

(جاری ہے)

دوسرے لفظوں میں کسی بھی شخص کو اپنے یا جن سے اس کا تعلق یا اختلاف ہو، کے مقدمات میں جج نہیں بننا چاہئے۔ مشرف دور میں نیب میں نواز شریف کیخلاف مقدمات بنانے میں اسٹیٹ بنک کے عامرعزیز بھی عظمت سعید کے ساتھ شامل رہے۔

قوم اپنی کمائی لوٹنے اور لٹانے والوں کا احتساب چاہتی ہے، زخموں پر نمک چھڑکنے والا مذاق نہیں۔ منتخب وزیر اعظم کے خلاف جے آئی ٹی کے ہیرے تلاش کرنے اور ان کی نگرانی کے کردار کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے؟ سینئر نائب صدر ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ہمیں پارلیمنٹ میں لاجز میں آنے سے روک دیا گیا، ہم نے پولیس کو کہا ہمارا گھر ہے، ہمیں آئینی حق ہے ہم جو مرضی بات کریں، یہاں براڈشیٹ کے معاملے پر بات کرنی تھی ، اس پر بات ہوتی رہے گی، بہت سارے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے، کمیشن پر کمیشن بنائے جارہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ براڈشیٹ کے اندر جو حقائق ہیں، ان کو چھپانے کیلئے پریس کانفرنس کو روکا گیا، آج کی پریس کانفرنس بھی یہاں ہوئی آئندہ بھی بات ہوتی رہے گی، یہ کسی کے باپ کی پراپرٹی نہیں ہے۔