روسی ویکسین 'اسپوٹنک' کو پاکستان میں استعمال کی اجازت دے دی گئی

ویکسین کی پہلی کھیپ اس مہینے کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی، ویکسین منگوانے کی اجازت مقامی دوا ساز ادارے اے جی پی فارما سیوٹیکل کمپنی لمیٹڈ کو دی گئی ، وزارت صحت

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 24 جنوری 2021 12:16

روسی ویکسین 'اسپوٹنک' کو پاکستان میں استعمال کی اجازت دے دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری2021ء) پاکستان میں چینی کورونا ویکسین سائنوفارم کےبعد روس کی اسپوٹنک فائیو کورونا ویکسین کو بھی استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکام نے روس کی کورونا ویکسین 'اسپوٹنک' کی بھی ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ویکسین کی پہلی کھیپ اس مہینے کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے رجسٹریشن بورڈ کی جانب سے دی گئی ہے۔بتایاگیا ہے کہ ویکسین منگوانے کی اجازت مقامی دوا ساز ادارے اے جی پی فارما سیوٹیکل کمپنی لمیٹڈ کو دی گئی ہے۔ پاکستان میں اب تک مختلف ممالک کی تین ویکسینز کو ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے جن میں چینی کمپنی سائنو فارم کی ویکسین، برطانوی کمپنی ایسٹرا زینیکا کی ویکسین اور روسی ویکسین اسپوٹنک شامل ہیں۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کورونا وبا کے خلاف 92 فیصد موثر ہے۔اے جی پی فارما کے مطابق 50 ہزار خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ اسی مہینے پاکستان پہنچ جائے گی، روسی ویکسین کو منفی 18 ڈگری پر اسٹور کرنا لازمی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ڈریپ نے ہنگامی بنیادوں پر چینی ویکسین سائنو فارم کو بھی پاکستان میں ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی ۔ ڈریپ کے رجسٹریشن بورڈ کی جانب سے مکمل تحقیقات کے بعد ویکسین کو استعمال کی اجازت دی گئی تھی ۔ کورونا ویکسین کی اجازت ملنے کے بعد گزشتہ دنوں اسلام آباد میں اماراتی سفارتخانے کے عملے کو بھی سائنوفارم ویکسین لگائی گئی تھی ۔