بینظیر بھٹو قتل کیس میں آصف زرداری کی اپیلوں کی سماعت 8 مارچ تک ملتوی

اپیلیں روزانہ کی بنیاد پر سنی جائیں گی،عدالت نے کیس کے تمام فریقین کو آئندہ تاریخ پر تیاری سے آنے کی ہدایت کردی

پیر 25 جنوری 2021 15:46

بینظیر بھٹو قتل کیس میں آصف زرداری کی اپیلوں کی سماعت 8 مارچ تک ملتوی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2021ء) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے ڈویژن بنچ نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں آصف زرداری کی اپیلوں کی سماعت 8 مارچ تک ملتوی کردی ،عدالت نے کیس کے تمام فریقین کو آئندہ تاریخ پر تیاری سے آنے کی ہدایت کردی جبکہ قرار دیا کہ اپیلیں روزانہ کی بنیاد پر سنی جائیں گی۔پیر کو کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس صادق محمود خرم پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔

کیس میں ملزم سابق ڈی آئی جی سعود عزیز کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔جسٹس شہباز رضوی نے ریمارکس دیئے کہ کیس کے تمام فریقین آئندہ تاریخ پر تیاری سے آئیں 8 مارچ سے روزانہ اپیلیں سنیں گیسابق صدر آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش۔

(جاری ہے)

کیس کے تمام 6 ملزمان عدالت موجود جبکہ رفاقت لاپتہ ہونے کے باعث پیش نا ہوا۔ سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ المیہ ہے سابق وزیر اعظم بینظیر کا قتل کیس ابھی تک زیر التوائ ہے،المیہ ہے عدالتیں بینظیر کیس کے فیصلے کی بجائے تاریخیں دے رہی ہیں،تین وزیر اعظم راولپنڈی میں شہید کئے گئے کسی کو انصاف نہیں ملا۔

دیگر پٹیشنز سپریم کورٹ میں لگ جاتی ہیں ذوالفقار علی بھٹو کی کیوں نہیں لگتی۔ بینظیر بھٹو قتل ملکی معشیت۔ترقی کا قتل تھا۔بینظیر بھٹو عظیم لیڈر تھیں آج بھی کارکن پوچھتے ہیں بی بی کے قاتل زندہ ہیں،چیف جسٹس سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سے اپیل ہے کے انصاف کیا جائے۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے ڈویڑن بنچ نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں آصف زرداری کی اپیلوں کی سماعت 8 مارچ تک ملتوی کردی۔