کھوکھر پیلس کے گرد زمین واگزار کرانے کا ڈراپ سین ہو گیا

کھوکھر برادری کو آپریشن سے پہلے ہی بتا دیا گیا تھا،آپریشن کرنے والے علاقے میں صرف جھگیاں اور چند مکانات شامل تھے،منشا بم کے زیر قبضہ زمین کی طرح کھوکھر پیلس بھی بچ گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 25 جنوری 2021 15:59

کھوکھر پیلس کے گرد زمین واگزار کرانے کا ڈراپ سین ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جنوری 2021ء) کھوکھر پیلس کے گرد زمین واگزار کرانے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ایل ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ سے ملی بھگت بے نقاب ہو گئی۔ذرائع کے مطابق کھوکھر برادری کو آپریشن سے پہلے ہی بتا دیا گیا تھا،انہوں نے پہلے ہی دو مرلہ اراضی سے ہاتھ اٹھا لیا تھا۔آپریشن کرنے والے علاقے میں صرف جھگیاں اور چند مکانات شامل تھے۔

منشا بم کے زیر قبضہ زمین کی طرح کھوکھر پیلس بھی بچ گیا۔ کھرکھر برادران نے 8 کنال اراضی پر آپریشن کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ کے ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کھوکھر پیلس گرانے کے لیے آنے والے سرکاری ملازمین کو کھانا پیش کر کے ایک مثال قائم کر دی ہے۔ایک طرف کھوکھر پیلس کے ملحقہ ان کی فیملی گھروں اور ان کی مارکیٹوں کو گرا کر حکومت اس پر قبضہ کر رہی تھی تو دوسری طرف ملک افضل کھوکھر کی طرف سے ایل ڈی اے کے ملازمین اور پولیس اہلکاروں کو کھانا پیش کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ملک محمد افضل کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملازمین کا کیا قصور وہ تو سرکار کے حکم کے پابند ہیں جب کہ مہمان نوازی کرنا ہمارے خون میں شامل ہے۔خیال رہے کہ ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں نے جوہر ٹائون میں آپریشن کر کے کھوکھر برادران کی جانب سے مبینہ طو ر پر سرکاری اراضی پر قائم کی گئی تعمیرات مسمار کر دیں ، تعمیرات کو مسمار کرنے کیلئے بھاری مشینری کے ساتھ آٹھ گھنٹے تک آپریشن کیا گیا جبکہ سرکاری افسران نے دعویٰ کیا ہے اس آپریشن میں ایک ارب 25کروڑ روپے مالیت کی 38کنال سرکاری اراضی وا گزار کرا لی گئی، کھوکھر برادران نے کارروائی کوسیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور اداروں نے عدالت کے حکم کی بھی خلاف ورزی کی ہے ، کروڑوں روپے کانقصان پورا کرانے کیلئے عدالت سے رجوع کیا جائے گا ،جتنے بھی اداروں اور افسران نے آپریشن میں حصہ لیا انہیں نام لے کر نامزد کریں گے ، ہم کل بھی نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے تھے آج بھی کھڑے ہیں اور انشا اللہ کل بھی اسی جذبے سے کھڑے رہیں گے ۔