فضل الرحمان اور پورا خاندان ’’پانچوں گھی میں اور سر کڑاہی میں‘‘کی جیتی جاگتی مثال ہیں‘ فیاض الحسن چوہان

مولانا پورے ملک کو بھی کشمیر کمیٹی کے سربراہ کی طرح چلانے کے خواہشمند ہیں لیکن عمران خان کے دور میں مولانا کی دال گلنے والی نہیں

بدھ 27 جنوری 2021 00:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کا پورا خاندان سیاسی کرپشن کی بارش میں بھیگے ہونے کے باعث ’’پانچوں گھی میں اور سر کڑاہی میں‘‘کی جیتی جاگتی مثال ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے بھائی ضیا ء الرحمان کو اسٹیبلشمنٹ رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پہلے پی ایم ایس کیڈر میں تعینات کروایا اور بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے اسی ضیا ء الرحمان کو خلاف قانون ڈی سی کراچی تعینات کروایا۔

انہوں نے کہا کہ ہر دور میں مولانا کے خاندان کے دو درجن سے زیادہ افراد مختلف حکومتی اور سرکاری عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’حق چار یار کے نظام‘‘ پر بنائی جانے والی پارٹی جمعیت علمائے اسلام میں موروثیت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ مولانا پورے ملک کو بھی کشمیر کمیٹی کے سربراہ کی طرح چلانے کے خواہشمند ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان کے دور میں مولانا کی دال نہیں گلنے والی۔