خیبرپختونخواہ پولیس کا چوروں کی نماز جنازہ پر پابندی عائد کرنے والے جرگے کیخلاف کاروائی کرنے کا اعلان

2 روز قبل خیبر کے صدر مقام باڑہ میں منعقدہ جرگے میں چوروں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا اعلان بھی کیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 26 جنوری 2021 22:33

خیبرپختونخواہ پولیس کا چوروں کی نماز جنازہ پر پابندی عائد کرنے والے ..
خیبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2021ء) خیبرپختونخواہ پولیس کا چوروں کی نماز جنازہ پر پابندی عائد کرنے والے جرگے کیخلاف کاروائی کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل خیبر کے صدر مقام باڑہ میں منعقدہ جرگے میں چوروں کیخلاف خود قانون ہاتھ لینے کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں کے بعد خیبرپختونخواہ پولیس متحرک ہوگئی۔ صوبائی پولیس نے متنازعہ فیصلے کرنے والے جرگے کے اراکین کیخلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 2 روز قبل منعقدہ جرگے میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ناصرف چوروں کو دیکھتے ہی گولی مار دی جائے بلکہ ان کی نماز جنازہ بھی نہیں پڑھائی جائے گی۔ قتل کیے گئے چور کی نماز جنازہ ادا کی جاتی ہے تو علاقے کا کوئی شخص اس میں شرکت نہیں کرے گا، جبکہ قاتل کے اہل خانہ کو بدلہ لینے کا حق بھی حاصل نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

اس تمام صورتحال میں ضلع خیبر پولیس کے سربراہ نے بتایا گیا ہے کہ علاقے میں پولیس کی رٹ بحال کر دی گئی ہے، کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے یا اپنے فیصلے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جن لوگوں نے جرگے میں متنازعہ فیصلے کیے، ان کیخلاف ہر صورت کاروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب مقامی لوگوں کا موقف ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران علاقے میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پولیس کو اس حوالے سے شکایات درج کروائی گئیں، لیکن کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ بلکہ وارداتوں میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے بعد ایک گرینڈ جرگہ بلا کر چوروں کیخلاف خود کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جرگے نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جسے فیصلوں پر عمل کروانے کی ذمے داری سونپی گئی۔ تاہم صوبائی پولیس نے واضح کر دیا ہے کہ 2 روز قبل گرینڈ جرگے میں کیے گئے فیصلوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، قانون اپنےہاتھ میں لینے والوں کیخلاف کاروائی ہوگی۔