مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے پیشرفت کررہی ہے،امتیاز احمد شیخ

عالمی بینک کے تعاون سے دولاکھ گھرانوں کو شمسی بجلی سے روشن کرنے کے منصوبے کی مجموعی لاگت 30 ملین ڈالر ہے،وزیر توانائی سندھ

جمعرات 28 جنوری 2021 17:02

مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے پیشرفت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے شفاف اور ماحول دوست توانائی کے منصوبوں پر نہایت مستقل مزاجی سے کام کررہی ہے۔صوبے میں ماحول دوست بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے آج محکمہ توانائی سندھ میں صوبے کے 10 اضلاع کے 2 لاکھ گھروں کو شمسی توانائی سے حاصل ہونے والی بجلی کی فراہمی کے لئے سپلائرز کے ساتھ دستخط کرکے معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے پر کام کے آغاز کے لئے آج محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں سپلائرز کے ساتھ دستخط کئے گئے ہیں۔ معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر سندھ کے 10 اضلاع جن میں سجاول،بدین،مٹھی،تھرپارکر،سانگھڑ،خیرپور،گھوٹکی،کشمور، جیکب آباد اور قنبر شہداد کوٹ کے اضلاع میں دو لاکھ گھروں کو شمسی بجلی سے روشن کیاجائے گا جس پر 30 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ماحول دوست توانائی کا یہ منصوبہ عالمی بینک کے تعاون سے کیا جارہاہے۔اس موقع پر وزیر توانائی سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کے 10 اضلاع میں 2 لاکھ گھروں کو سولر ہوم سسٹم .S.H.S کی فراہمی میں فی گھر ایک سولر پلیٹ، ایک بیٹری بیک اپ، ایک ڈی سی پنکھا، تین ایل ای ڈی بلب کے ساتھ موبائل فون چارجنگ سہولت دی جائے گی۔ بتایا گیا کہ فی گھر ان سہولیات کی فراہمی کے لئے 50 فیصد سبسڈی دی جائے گی باقی ماندہ رقم معمولی قسطوں میں وصول کی جائے گی۔دستخطوں کی تقریب میں سیکریٹری توانائی سندھ طارق علی شاہ، سولر ہوم سسٹم فراہم کرنے والے سپلائرز اور محکمہ توانائی سندھ کے دیگر افسران موجود تھے۔