لاہور میں کم سن ملازمہ کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا

بچی کے جسم کے ہاتھ پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ لواحقین کا الزام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 جنوری 2021 17:13

لاہور میں کم سن ملازمہ کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2021ء) : صوبائی دارالحکومت میں ایک کم سن گھریلو ملازمہ کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقہ میں نرگس بلاک کے گھر میں کام کرنے والی ایک کم سن بچی مصباح کو نامعلوم افراد نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بہیمانہ طور پر قتل کردیا۔ لواحقین نے الزام عائد کیا کہ 14 سالہ لڑکی نرگس بلاک کے گھر میں کام کرتی تھی۔

لواحقین نے بتایا کہ مصباح کی لاش برآمد ہوئی ، بچی کے جسم کے ہاتھ پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ لواحقین کے مطابق مصباح کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا ۔ جس کے بعد پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر مردہ خانے منتقل کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق بچی کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا جس کی رپورٹ سے موت کی حتمی وجہ کا تعین ہو گا۔

(جاری ہے)

پوسٹمارٹم رپورٹ میں مزید تفصیلات بھی سامنے آئیں گی۔

اس حوالے سے آئی جی پنجاب انعام غنی نے گھریلو ملازمہ سے زیادتی و قتل کے المناک واقعے کا نوٹس بھی لیا جبکہ آئی جی پنجاب نے واقعہ سے متعلق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف جلد از جلد کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت بھی کی۔

یاد رہے کہ قبل ازیں وفاقی دارالحکومت میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری صفی الحسن کی جانب سے گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی خبر آئی تھی۔ سرکاری افسر نے گھر کا کام ٹھیک سے نہ کرنے پر ڈنڈا مار کر 12 سالہ بچی کی ٹانگ توڑ دی تھی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہےکہ گھریلو ملازماؤں پر تشدد کے واقعات میں بھی دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ، جبکہ اب لاہور میں کم سن گھریلو ملازمہ پر تشدد، زیادتی اور بہیمانہ قتل کا افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔