وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے رئیس نبیل احمد کی ملاقات، وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر پر اعتماد کا اظہار

سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا،ترقی مخالف عناصر عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

جمعرات 28 جنوری 2021 19:22

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے رئیس نبیل احمد کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے رئیس نبیل احمد نے ملاقات کی۔ پی پی 265سے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رئیس نبیل احمدنے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ رئیس نبیل احمد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل اورعوامی ضروریات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر حلقے کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں اور میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ ترقی پر ہر شہر اورقصبے کے عوام کا حق ہے ۔پنجاب کے دورافتادہ شہروں کا ترقی پر پورا حق ہے اورہم انہیں یہ حق لوٹائیںگے۔سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترقی کے سفر پر پہلا حق پسماندہ علاقوں کا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصرنے جعلی نعروں سے عوام کا دل بہلایا۔ عوام سمجھداراوراچھے برے کی تمیز رکھتے ہیں۔ترقی مخالف عناصرپراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ رکن صوبائی اسمبلی رئیس نبیل احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات بہت خوشگوار رہی۔آپ انتہائی اخلاق سے ملتے ہیں اور آپ کی ملنساری سے بہت متاثر ہوا ہوں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عون چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔