جامعات میں معیاری تدریسی عمل کا تسلسل اور طلبائ کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،وزیر اعظم عمران خان

جمعرات 28 جنوری 2021 21:11

جامعات میں معیاری تدریسی عمل کا تسلسل اور طلبائ  کو سہولیات کی فراہمی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی جامعات سے ہمارے ملک کا مستقبل وابستہ ہے،جامعات میں معیاری تدریسی عمل کا تسلسل اور طلبائ کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت صوبہ خیبر پختونخواہ اور پنجاب کی جامعات کے انتظامی امور، تدریسی عمل کے معیار، مالی امور میں شفافیت، میرٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے امور پر اجلاس منعقد ہوا ۔

شرکائ کو صوبوں کی جامعات میں کے تنظیمی امور، مالی مسائل، طلبائ کے تدریسی عمل میں معیار برقرار رکھنے، سیاسی مداخلت ختم کرنے ، خلاف ضابطہ بھرتیوں سے پیش آنے والے مسائل، میرٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے ، جامعات میں تجربہ کار سربراہوں کی تعیناتی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی جامعات سے ہمارے ملک کا مستقبل وابستہ ہے۔

جامعات میں معیاری تدریسی عمل کا تسلسل اور طلبائ کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم نے جامعات میں انتظامی عہدوں پر ماہر اور تجربہ کار عہدیداروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ جامعات کے سربراہوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کے حوالے سے ایک متوازن اور موثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ جامعات میں اعلی تعلیمی ماحول کی فراہمی ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ انتظامی امور میں بھی نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

اجلاس میں وزیر برائے تعلیم شفقت محمود، گورنر پنجاب چوہدری سرور ، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، صوباء وزیر تعلیم پنجاب راجہ یاسر ہمایوں، صوباء وزیر تعلیم خیبر پختونخواہ کامران بنگش شریک تھے۔ ڈاکٹر عطائ الرحمن بھی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔