م*کوئٹہ ،پاکستان اس وقت بد ترین مس مینجمنٹ کے دور سے گزر رہا ہے، بلال خان مندوخیل

اتوار 7 فروری 2021 20:50

ِکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 فروری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی نائب صدر شیخ بلال خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت بد ترین مس مینجمنٹ کے دور سے گزر رہا ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلی بلوچستان جس بس میں بیٹھے ہیں اس کے بارے میں انہیں خود معلوم نہیں ہے کہ اس کی منزل کہاں ہے۔ پے در پے ایسے واقعات ہورہے ہیں جس سے حکومت کی بے بسی اور بے وقوفی دونوں عیاں ہو رہی ہیں۔

عمران خان اور جام کمال خان کب تک پنگوڑے میں چسنی چوستے رہیں گی ساڑھے چھ ارب کا تاوان غیر ملکی کمپنی کو ادا کرنا ہے کیونکہ حکومت اس معاملے کو صحیح طریقے سے ہینڈل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پی آئی اے طیارہ ضبط ہونا،قومی وقار ضبط ہونے کے مترادف ہے۔ پی آئی اے کا نیویارک کا ہوٹل بھی ضبط ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت بین الاقوامی طور پر نادہندہ ہو چکی ہے اور ملک کا امیج برباد ہو گیا ہے۔

کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے پی آئی اے، ریلوے اوراسٹیل مل جیسے قومی ادارے تباہ ہوتے رہے مگر اس تباہی کو روکنے کا کوئی آئینی اور قانونی طریقہ کار سامنے نہ آ سکا، یہ تمام معاملات پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی ہیں۔ شیخ بلال خان مندوخیل نے کہا کہ پی آئی اے کا طیارہ ضبط ہونا قومی وقار کے خلاف ہے جس سے محب وطن پاکستانی خجالت محسوس کررہے ہیں۔

ملک اس وقت شدید بدانتظامی کا شکار ہے اور اس کی ذمہ دار خود عمران خان کی کابینہ ہے۔ بیرون ممالک سے بھرتی کئے گئے وزررا، مشیران اور ترجمان کی مثال" کہیں کی اینٹ اور کہیں کا روڑا، بھان متی نے کنبہ جوڑا "کی سی ہے۔ بدانتظامی کی وجہ ملک کو آئین اور قانون کے مطابق نہ چلانا ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے نتیجے میں ریاست کی جو رٹ قائم ہوتی نظر آرہی تھی وہ ایک مرتبہ پھر ختم ہوتی نظر آ رہی ہے کیا پاکستان کے آئین میں کرپشن، بدانتظامی اور اقربا پروری کو روکنے کا کوئی راستہ نہیں ہی ہر کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کا آخری نتیجہ عوام کو ہی بھگتنا پڑتا ہے۔

فوجی قوت میں پاکستان کے دنیا کا دسواں طاقتور ملک بننے پر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہو گیا لیکن ملک کی معیشت کی ابتر حالت اور ملائیشیا میں قومی ایئرلائن کے طیارے کے ضبط ہونے کی خبر سے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے، اور طاقتور ملک بننے کی خوشی کافور ہوگئی۔