کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کو حادثہ پیش آ گیا

لینڈنگ سے قبل جہاز کے ساتھ پرندہ ٹکرا گیا،فلائٹ بحفاظت لینڈ کر لی گئی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 26 فروری 2021 05:02

کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کو حادثہ پیش آ گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 فروری2021ء)  فضائی حادثات کی تاریخ پر اگر نظر دوڑائی جاے تو انجن کی خرابی اور موسمی طوفانوں کے علاوہ جس ایک وجہ سے حادثات پیش آتے ہیں وہ پرندوں کا جہازوں سے ٹکرانا ہے۔جب فضا میں بلند جہاز سے کوئی پرندہ ٹکراتا ہے تو ا سکے نتیجے میں جہاز کے کسی حصے میں شگاف پڑ جاتا اور اس کے نتیجے میں حادثہ پیش آ جاتا ہے۔

گزشتہ روز بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تاہم اس واقعے میں کسی بھی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔پورٹ کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی ایف 125 سے لینڈنگ سے قبل پرندہ ٹکرا گیا جس کی وجہ سے طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

(جاری ہے)

پرندہ ٹکرانے سے ائیر بس 320 کے ایک (ونگ) پر کو نقصان پہنچا۔جہاز کے پر میں واضح شگاف بھی ہو گیا۔تاہم اس حادثے میں کسی بھی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور طیارے کی لینڈنگ آسانی سے اور بحفاظت ہو گئی۔کپتان نے مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو باحفاظت لینڈ کروایا۔ پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے پہنچنے والے نقصان کے پیش نظر طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز پی ایف 126 کو منسوخ کر کے مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پرواز میں تاخیر پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں نے احتجاج کیا۔ چند مظاہرین نے کہا کہ انہیں کراچی سے بیرون ملک روانہ ہونا تھا، پرواز کی تاخیر کی وجہ سے اُن کی اگلی فلائٹ نکل گئی ہے۔نجی ایئرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ ’ایک پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا تھا جس کی وجہ سے کراچی جانے والی پرواز کو منسوخ کرنا پڑا،مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر منسوخی کا فیصلہ کیا گیا‘۔یاد رہے کہ پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے کئی حادثات پیش آئے ہیں جن کے نتیجے میں بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھاناپڑا ہے۔