وزیراعظم کو این اے 75 میں دوبارہ انتخاب سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر قانونی نکات پربریفنگ

فیصلے کو دو پٹیشنز کے ذریعے چیلنج کیا جائے گا ‘ عمران خان سے ملاقات میں فردوس عاشق اعوان، علی اسجد ملہی بھی موجود تھے وزیر اعظم کے سامنے ساری صورت حال رکھ دی ہے، پیر کے روز الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی‘ امیدوار این ای75

جمعہ 26 فروری 2021 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2021ء) وزیر اعظم عمران خان کو این اے 75 میں دوبارہ انتخاب سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بیرسٹر علی ظفر نے قانونی نکات پر بریفنگ دی جس کے بعد فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کی حکمت عملی ترتیب دے دی گئی۔وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق، علی ظفر ایڈووکیٹ اور این اے 75سے امیدوار علی اسجد ملہی نے ملاقات کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر علی ظفر نے وزیر اعظم کو اس حوالے سے قانونی مشاورت دی ، علی ظفر کی رائے کی روشنی میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں دو پٹیشنز کے ذریعے چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ملاقات میں ڈسکہ کے ضمنی انتخاب سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کوبریف کیا گیا جس کے بعد انہوںنے نے قانونی لائحہ عمل کی منظوری دی گئی، تحریک انصاف عدالت میں 2 پٹیشنز دائر کرے گی، ایک پٹیشن میں الیکشن کمیشن کے دوبارہ انتخاب کو چیلنج کیا جائے گا، دوسری پٹیشن میں افسران کے خلاف کارروائی کے فیصلے کو بھی چیلنج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد علی اسجد ملہی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے ساری صورت حال رکھ دی ہے، وزیر اعظم نے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کی منظوری دیدی، پیر کے روز الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔