ترکی کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، لیفٹیننٹ جنرل سمیت 10 فوجی ہلاک

ہیلی کاپٹر فوجیوں کو لے کر بینگول سے تاتوان جارہا تھا جب اس کا رابطہ منقطع ہوگیا، بعدازاں ترک حکام کو معلوم ہوا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا ہے، جس کے بعد ترک فوج نے ایمرجنسی آپریشن شروع کیا اورجائے حادثہ پر پہنچ گئی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعہ 5 مارچ 2021 00:44

ترکی کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، لیفٹیننٹ جنرل سمیت 10 فوجی ہلاک
تاتوان (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ 2021ء) پاکستان کے دوست اسلامی ملک ترکی کی فضا سوگوار، ہیلی کاپٹر کریش کے نتیجے میں اعلیٰ فوجی افسر سمیت متعدد ترک فوجی جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کا فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں لیفٹیننٹ جنرل سمیت 10 فوجی جاں بحق ہو گئے۔ ترک وزارت دفاع نے ہیلی کاپٹر کے کریش کی تصدیق کرتے ہوئے اِسے حادثہ قرار دیا۔

بتایا گیا ہے کہ ترکی کے ہیلی کاپٹر کے گرکر تباہ ہونے کی وجہ سے 9 فوجی موقع جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ ایک فوجی کو اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جاں بحق ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں لیفٹیننٹ جنرل سمیت 10 فوجی جاں بحق ہوئے، جبکہ تین فوجی زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترک وزارت دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں 9 فوجی موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ ایک فوجی اسپتال میں جاں بحق ہوا۔

خیال رہے کہ ترکی میں پیش آنے والا یہ حادثہ ترکی کے صوبہ بتلیس کے شہر تاتوان کے مضافاتی علاقے میں پیش آیا۔ حادثے میں مضافات میں رہائشی افراد کو نقصان پہنچنے کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ ترک حکام نے ہیلی کاپٹر کے کریش کو حادثہ قرار دیا ہے، اور ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی حتمی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں۔ یاد رہے کہ ترکی کا ہیلی کاپٹر فوجیوں کو لے کر بینگول سے تاتوان جارہا تھا جب اس کا رابطہ منقطع ہوگیااور بعدازاں خبر ملی کہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا ہے، جس کے بعد ترک فوج نے ایمرجنسی آپریشن شروع کیا اورجائے حادثہ پر پہنچ گئی، تاہم ہیلی کاپٹر کے بُری طرح تباہ ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر میں سوار فوجیوں کو بچایا نہ جا سکا، صرف 3 فوجی ہی حادثے میں بچ سکیں ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے حکمران جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور ڈیفنس کمیٹی کے رکن تولگا اگار نے ٹوئٹ کی کہ حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل عثمان ارباز بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عثمان ارباز ترک فوج کی آٹھویں کور کے کمانڈر تھے۔