اوگرا نے ایل این جی کی قیمت میں بھی کمی کر دی

سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت فروخت 9.59ڈالر فی یونٹ جبکہ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 9.31ڈالر فی یونٹ مقرر

جمعہ 5 مارچ 2021 23:31

اوگرا نے ایل این جی کی قیمت میں بھی کمی کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ2021ء) اوگرا نے ایل این جی کی قیمت میں بھی کمی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے مارچ کیلئے ایل این جی کی قیمت کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق فروری کے مقابلے میں مارچ میں ایل این جی کی سیل پرائس میں معمولی کمی کی گئی ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 0.03ڈالر کمی کی گئی ہے ،سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی سیل پرائس میں 0.04ڈالر کمی کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت فروخت 9.59ڈالر فی یونٹ ،سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 9.31ڈالر فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز او جی ڈی سی ایل نے ایل پی جی کی قیمت میں بھی واضح کمی کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

او جی ڈی سی ایل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت فی کلو 22روپے کمی کردی گئی۔

او جی ڈی سی ایل کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت میں258 اور کمرشل سلنڈرکی قیمت میں922.44روپے کمی ہوئی ہے جبکہ ایل پی جی کی میٹرک ٹن قمیت میں21ہزار 860 روپے کمی کردی گئی ہے۔خیال رہے کہ رواں برس 2021 میں نئے سال کے آغاز پر موسم سرما میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ر یکارڈ اضافہ کیا گیاتھا،جس کی وجہ سے عوام کو سخت مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن اب حکومت نے مہنگائی میں پسی عوام کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

تاہم ملک میں ایل پی جی اور ایل این جی کی قیمتوں کے برعکس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونےکا خدشہ ہے۔ مسلسل طلب کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت اب ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی۔ بتایا گیا ہے کہ صرف ایک دن کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2.23 ڈالر فی بیرل یعنی 3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد خام تیل کی قیمت 68.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ یہ قیمت اپریل 2019 کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔ تیل کی عالمی مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔